
عثمان آباد ضلع کے لیے 84 ہزار لیٹر مٹی کا تیل منظور، ایل پی جی قلت کے پیش نظر حکومت کا اہم فیصلہ
عثمان آباد، 14 مئی (ہ س)۔ ایل پی جی کی موجودہ قلت کے پیش نظر مرکزی حکومت نے مہاراشٹر ریاست کے لیے 3744 کلو لیٹر مٹی کے تیل کا کوٹہ منظور کیا ہے۔ اسی سلسلے میں ریاستی حکومت نے عثمان آباد ضلع کے لیے 84 کلو لیٹر یعنی 84 ہزار لیٹر مٹی کے تیل کی منظوری دی ہے۔ انتودیہ اور ترجیحی خاندان فائدہ اسکیم کے راشن کارڈ ہولڈرس کے لیے ضلع بھر میں اس مٹی کے تیل کی تعلقہ وار تقسیم مقرر کی گئی ہے۔
اس کے مطابق عثمان آباد تعلقہ کو 20 ہزار لیٹر، تلجاپور کو 11 ہزار لیٹر، لوہارا کو 7 ہزار لیٹر، عمرگہ کو 13 ہزار لیٹر، پرانڈا کو 9 ہزار لیٹر، بھوم کو 8 ہزار لیٹر، کلمب کو 11 ہزار لیٹر اور واشی تعلقہ کو 5 ہزار لیٹر مٹی کے تیل کا کوٹہ دیا گیا ہے۔انتظامیہ کے مطابق منظور شدہ 84 ہزار لیٹر میں سے 12 ہزار لیٹر پر مشتمل پہلا ٹینکر ضلع میں پہنچ چکا ہے اور عثمان آباد تعلقہ سے مٹی کے تیل کی سپلائی شروع کی جا رہی ہے۔
ضلع سپلائی افسر سواتی شینڈے نے ضلع کلکٹر دفتر میں ٹینکر کو ہری جھنڈی دکھا کر تقسیم مہم کا افتتاح کیا۔ حکام کے مطابق راشن کارڈ ہولڈرس کو یہ مٹی کا تیل 63 روپئے فی لیٹر کی شرح سے فراہم کیا جائے گا، جبکہ ہر راشن کارڈ پر 3 لیٹر تیل تقسیم کیا جائے گا۔ انتظامیہ نے بتایا کہ سب سے پہلے انتودیہ راشن کارڈ ہولڈرس کو ترجیح دی جائے گی، اس کے بعد ترجیحی خاندان فائدہ اسکیم کے مستحقین میں تقسیم کی جائے گی۔ ضلع انتظامیہ نے عثمان آباد تعلقہ کے راشن کارڈ ہولڈرس سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے قریبی مٹی کے تیل یا راشن دکانوں سے رابطہ کر کے مقررہ مقدار حاصل کریں۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے