
نئی دہلی، 14 مئی (ہ س)۔
سپریم کورٹ نے آنجہانی صنعت کار سنجے کپور کی 30,000 کروڑ کی جائیداد پر تنازعہ کی سماعت کرتے ہوئے، آزاد ڈائریکٹروں کی تقرری اور بینک کے معاملات کو چلانے کے لیے مجاز افراد میں تبدیلیوں کے بارے میں 18 مئی کو ہونے والی بورڈ میٹنگ پر روک لگا دی ہے۔ جسٹس جے بی پاردی والا کی سربراہی میں بنچ نے یہ حکم سنجے کپور کی والدہ رانی کپور کی جانب سے دائر درخواست پر جاری کیا۔
عدالت نے کہا کہ جب تک اس معاملے میں ثالثی جاری ہے، تمام فریقین کسی تنازعہ میں اضافہ نہ کریں۔
رانی کپور نے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی تھی جس میں جب تک اس معاملے میں ثالثی کا عمل مکمل نہیں ہو جاتا پریا کپور اور دیگر کو آر کے فیملی ٹرسٹ کے معاملات میں مداخلت کرنے سے روکنے کی درخواست کی گئی تھی ۔ اپنی نئی درخواست میں، رانی کپور نے 18 مئی کو ہونے والی آر کے فیملی ٹرسٹ کی بورڈ میٹنگ پر روک لگانے کی بھی درخواست کی تھی۔ یہ میٹنگ رگھوونشی انویسٹمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کے نوٹس پر بلائی گئی تھی، جس کے پاس مبینہ طور پر متنازعہ جائیداد کا بڑا حصہ ہے۔ رانی کپور کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس میٹنگ کا بنیادی مقصد بورڈ میں اپنی پسند کے نئے ڈائریکٹر کا تقرر کرنا تھا۔
سپریم کورٹ نے 7 مئی کو سابق چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ کو سونا گروپ فیملی ٹرسٹ پر رانی کپور اور پریا کپور کے درمیان جاری تنازعہ کو حل کرنے کے لیے ثالث مقرر کیاہے۔
سنجے کپور کی والدہ رانی کپور نے فیملی ٹرسٹ آر کے فیملی ٹرسٹ کو تحلیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنی درخواست میں رانی کپور کا کہنا ہے کہ آر کے فیملی ٹرسٹ کی تشکیل اور انتظام پرسوالات اٹھ رہے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ آر کے فیملی ٹرسٹ درخواست گزار کے علم یا رضامندی کے بغیر تشکیل دیا گیا تھا۔ نتیجتاً درخواست گزار کو ٹرسٹ سے خارج کر دیا گیا۔ ٹرسٹ کے تمام اثاثے اس کے تھے، لیکن اسے ٹرسٹ کی تشکیل کے بارے میں بھی نہیں بتایا گیا۔ ٹرسٹ کی تشکیل کے وقت انہیں دل کا دورہ پڑا تھا جس کی وجہ سے ان کی صحت خراب ہوگئی تھی۔ رانی کپور کا الزام ہے کہ انہیں ٹرسٹ کی دستاویزات پر ان کے مندرجات جانے بغیر دستخط کرنے پر مجبور کیا گیا۔ اس کے دستخط خالی کاغذوں پر لیے گئے تھے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی