
راجکوٹ، 14 مئی (ہ س)۔ گجرات میں چوٹیلا-راجکوٹ قومی شاہراہ پر سنگانی گاؤں کے قریب احمد آباد سے راجکوٹ کی طرف جانے والی ایک نجی مسافر بس بٹومین سے بھرے ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ چند ہی لمحوں میں بس آگ کی لپیٹ میں آ گئی۔ حادثے میں 4 مسافر زندہ جل گئے، جب کہ 10 دیگر جھلس کر زخمی ہوئے۔ چوٹیلا سب ڈویژنل مجسٹریٹ ایچ ٹی مکوانا نے بتایا کہ لاشیں اس قدر مسخ ہو چکی ہیں کہ ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے ہی شناخت ممکن ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ دیررات تقریباً 1:30 بجے شاہراہ پر بٹومین سے بھرے ٹینکر کا ٹائر اچانک پھٹ گیا۔ ٹائر پھٹنے کے بعد ٹینکر بے قابو ہو گیا اور پیچھے سے تیزی سے آنے والی نجی مسافر بس اس سے ٹکرا گئی۔ تصادم سے بس کے اندر شارٹ سرکٹ ہوا اور تقریباً فوراً ہی پوری گاڑی آگ کی لپیٹ میں آ گئی۔ حادثے کے وقت زیادہ تر مسافر سو رہے تھے۔ بعض کو گاڑی سے باہر نکلنے کا موقع بھی نہیں ملا۔ اپنی جان بچانے کے لیے مسافر بس کی کھڑکیاں توڑ کر باہر کود گئے۔ نیچے زمین پر گرنے والے گرم بٹومین پر گرنے کے بعد کچھ مسافر بھی جھلس گئے۔ ان میں لمبڈی کا رہنے والا نریندر راٹھوڑ بھی ہے جس کا ہاتھ بری طرح جھلس گیا ہے۔ چوٹیلا میں ابتدائی طبی امداد کے بعد زخمی مسافروں کو راجکوٹ سول اسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔ اس حادثے میں جھلسنے والوں میں ودھی پٹودیا (18) مینارڈا (جونا گڑھ)، نریندر راٹھوڑ (50) لمبڈی (سریندر نگر) اور ناگراج رانا (30) تلالہ (گیر سومناتھ) شامل ہیں۔
اطلاع ملنے پر مقامی انتظامیہ اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ سخت کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ ایک عینی شاہد اجے میواڈا نے بتایا کہ ٹکر کے بعد آگ آہستہ آہستہ پوری بس میں پھیلنے لگی۔ قریبی پٹرول پمپ سے آگ بجھانے کے آلات لا کر آگ بجھانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 20 سے 25 مسافروں کو کھڑکیوں کے شیشے توڑ کر بچا لیا گیا، جب کہ بس کے اندر چار افراد زندہ جل گئے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد