
کلگام کے فریسل میں انسداد منشیات مہم کے دوران 3 غیر قانونی دکانوں کو مسمار کیا گیا
سرینگر، 14 مئی (ہ س)۔ حکام نے جمعرات کو جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے فریسل کے چننی گام علاقے میں منشیات کے نیٹ ورک کے خلاف سخت کارروائی کے تحت تین غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ دکانوں کو مسمار کردیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ یہ کارروائی کولگام پولیس اور سول انتظامیہ نے منشیات سے متعلق سرگرمیوں سے منسلک املاک کو نشانہ بنانے کی مشترکہ کارروائی میں کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسمار کیے گئے ڈھانچے ایک ملزم سے تعلق رکھتے ہیں جس کے خلاف نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکوٹروپک سبسٹینس (این ڈی پی ایس) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ حکام کا مزید کہنا تھا کہ دکانیں متعلقہ حکام سے زمین کے استعمال کی لازمی اجازت حاصل کیے بغیر تعمیر کی گئی تھیں۔ حکام نے باور کرایا کہ انسداد منشیات مہم ضلع بھر میں جاری رہے گی اور متنبہ کیا کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد اور قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir