مغربی ایشیائی بحران کے پیش نظر مہاراشٹر حکومت کی اہم ہدایات، قدرتی کھیتی، پی این جی اور عوامی ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کا فیصلہ
مغربی ایشیائی بحران کے پیش نظر مہاراشٹر حکومت کی اہم ہدایات، قدرتی کھیتی، پی این جی اور عوامی ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کا فیصلہ ممبئی، 14 مئی (ہ س)۔ مغربی ایشیا میں جاری بحران کے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے توانائی کی بچت، عوامی ٹران
مغربی ایشیائی بحران کے پیش نظر مہاراشٹر حکومت کی اہم ہدایات، قدرتی کھیتی، پی این جی اور عوامی ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کا فیصلہ


مغربی ایشیائی بحران کے پیش نظر مہاراشٹر حکومت کی اہم ہدایات، قدرتی کھیتی، پی این جی اور عوامی ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کا فیصلہ

ممبئی، 14 مئی (ہ س)۔ مغربی ایشیا میں جاری بحران کے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے توانائی کی بچت، عوامی ٹرانسپورٹ کے استعمال، مقامی مصنوعات کو فروغ دینے اور غیر ضروری اخراجات سے بچنے کی اپیل کے بعد مہاراشٹر حکومت نے مختلف محکموں کے لیے اہم اقدامات اور ہدایات جاری کی ہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ تجاویز میں غیر ملکی دوروں پر پابندی، عوامی ٹرانسپورٹ کے استعمال میں اضافہ، توانائی کی بچت، قدرتی کھیتی کو فروغ اور ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سرکاری میٹنگز منعقد کرنے پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔

حکومت نے سرکاری افسران کے غیر ملکی دورے عارضی طور پر منسوخ کرنے اور نئے دوروں کی منصوبہ بندی نہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے علاوہ سرکاری گاڑیوں کے استعمال میں کمی کرتے ہوئے کار پولنگ، عوامی ٹرانسپورٹ اور الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سینئر افسران کو ہفتے میں کم از کم ایک دن میٹرو، لوکل ٹرین یا بس کے ذریعے سفر کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔

وزارت، محکمہ جاتی اور ضلعی سطح پر دفتری کام کاج کے لیے ویڈیو کانفرنسنگ کے استعمال کو بڑھانے پر زور دیا گیا ہے، جبکہ میٹنگز، تربیتی پروگرام اور سیمینار آن لائن منعقد کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ یونیورسٹیوں اور کالجوں کو بھی ان ہدایات پر عمل کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔ توانائی بچت کے تحت دفاتر میں قدرتی روشنی کے زیادہ استعمال، غیر ضروری لائٹس اور برقی آلات بند رکھنے اور ایئر کنڈیشننگ کا درجہ حرارت 24 سے 26 ڈگری کے درمیان رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ “پردھان منتری سوریہ گھر” اسکیم کے تحت شمسی توانائی منصوبوں کو تیز رفتاری سے نافذ کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ایندھن کی بچت کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کے استعمال میں کمی کے ساتھ ساتھ پی این جی گیس کے استعمال کو بڑھانے کے لیے زیر التوا تجاویز کو فوری منظوری دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ممبئی سمیت بڑے شہروں کے ہوٹلوں اور ریستورانوں کو بھی پی این جی استعمال کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔

خوردنی تیل کے استعمال میں کمی لانے کے لیے سرکاری کینٹینوں، آنگن واڑی مراکز، اسپتالوں اور ہاسٹلوں کے مینیو میں تبدیلی کی جائے گی، جبکہ پام اور سویا بین تیل کے بجائے مونگ پھلی اور سرسوں کے تیل کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں آشا اور آنگن واڑی کارکنان کے ذریعے عوامی بیداری مہم بھی چلائی جائے گی۔ زرعی شعبے میں کیمیائی کھادوں پر انحصار کم کرتے ہوئے قدرتی، حیاتیاتی اور نامیاتی کھیتی کو فروغ دینے کے لیے خصوصی مہم شروع کی جائے گی۔ مٹی کے معائنے کی بنیاد پر فصل وار رہنمائی فراہم کی جائے گی اور کھادوں کے غلط استعمال کو روکنے پر توجہ دی جائے گی۔

ریاستی حکومت نے پولیس محکمہ کو گاڑیوں کے جلوس اور بائیک ریلیوں کی اجازت نہ دینے کی ہدایت بھی دی ہے، جبکہ سرکاری اشتہارات اور مہنگے سرکاری پروگراموں پر بھی پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ آئندہ چھ ماہ تک مشیروں کی نئی تقرریاں نہ کرنے کی ہدایت تمام انتظامی محکموں کو دی گئی ہے۔ اس سرکاری سرکیولر میں تمام محکموں، ضلع کلکٹروں، میونسپل کارپوریشنوں اور سرکاری افسران و ملازمین کو ان ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande