کانگریس اور این سی نے ایل اے ایچ ڈی سی کے چئیرمین کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی
جموں, 14 مئی (ہ س)۔ انڈین نیشنل کانگریس کرگل نے لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل (ایل اے ایچ ڈی سی) کرگل کے موجودہ چیف ایگزیکٹو کونسلر ڈاکٹر محمد جعفر اخون کے خلاف باضابطہ طور پر عدم اعتماد کی تحریک پیش کردی ہے۔ یہ تحریک ایل اے ایچ ڈی سی ایک
کانگریس اور این سی نے ایل اے ایچ ڈی سی کے چئیرمین کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی


جموں, 14 مئی (ہ س)۔

انڈین نیشنل کانگریس کرگل نے لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل (ایل اے ایچ ڈی سی) کرگل کے موجودہ چیف ایگزیکٹو کونسلر ڈاکٹر محمد جعفر اخون کے خلاف باضابطہ طور پر عدم اعتماد کی تحریک پیش کردی ہے۔ یہ تحریک ایل اے ایچ ڈی سی ایکٹ 1997 کی دفعہ 27(2) کے تحت ضلع ترقیاتی کمشنر کرگل کے دفتر میں جمع کرائی گئی۔عدم اعتماد کی تحریک جمع ہونے کے بعد ڈاکٹر جعفر اخون کو اب کونسل میں فلور ٹیسٹ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ کانگریس کونسلروں اور حامی اراکین نے یہ تحریک این سی اور کانگریس کے درمیان سی ای سی کے عہدے کی باری باری مدت سے متعلق اتحاد کے معاہدے پر اختلافات کے سبب پیش کی۔

کرگل میں منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر کانگریس رہنما اور لداخ انچارج اصغر کربلائی نے، رکن پارلیمان و صدر نیشنل کانفرنس کرگل محمد حنیفہ کی موجودگی میں کہا کہ یہ فیصلہ پارٹی قیادت اور منتخب نمائندوں سے تفصیلی مشاورت کے بعد لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام منتخب کونسلروں کے جمہوری حق کی عکاسی کرتا ہے اور اس کا مقصد ضلع کرگل کے عوام کے مفادات اور امنگوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔اصغر کربلائی نے واضح کیا کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے درمیان اتحاد برقرار ہے، تاہم عدم اعتماد کی تحریک صرف چیئرمین کو عہدے سے ہٹانے کے مقصد سے لائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2023 میں منعقدہ کونسل انتخابات میں این سی اور کانگریس اتحاد نے 26 میں سے 22 نشستیں حاصل کرکے اقتدار سنبھالا تھا۔ ان میں نیشنل کانفرنس نے 12 جبکہ کانگریس نے 10 نشستیں جیتی تھیں، جبکہ بی جے پی اور آزاد امیدواروں کو دو، دو نشستیں ملی تھیں۔

اتحاد کے وقت دونوں جماعتوں کے درمیان سی ای سی کے عہدے کے لیے باری باری قیادت کا معاہدہ طے پایا تھا۔ ذرائع کے مطابق موجودہ سی ای سی کی مدت 18 اپریل کو مکمل ہوگئی تھی، تاہم انہوں نے اب تک استعفیٰ نہیں دیا، جس کے بعد کانگریس نے عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔اس موقع پر رکن پارلیمان محمد حنیفہ اور ضلع کانگریس صدر ناصر منشی نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ تحریک جمع کرانے کے دوران سینئر کانگریس رہنما اور کونسلر بھی موجود تھے، جنہوں نے امید ظاہر کی کہ جمہوری اور آئینی عمل کے مطابق کارروائی انجام دی جائے گی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande