
۔ 120 گاڑیوں کا قافلہ لے کر نکلنے والے سجن سنگھ پر کارروائی، بی جے پی نے ضلع صدر کے عہدے سے ہٹایا
بھوپال، 14 مئی (ہ س)۔ وزیراعظم نریندر مودی کی ایندھن کی کھپت کم کرنے کی اپیل کی خلاف ورزی پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بڑی کارروائی کی ہے۔ پارٹی نے نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر بی جے پی کسان مورچہ بھنڈ ضلع کے صدر سجن سنگھ یادو کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ دراصل، مدھیہ پردیش کے بھنڈ میں بی جے پی کسان مورچہ کے نو منتخب ضلع صدر سجن سنگھ یادو کو 120 گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ طاقت کا مظاہرہ کرنا مہنگا پڑا ہے۔ پارٹی نے اسے ڈسپلن کی خلاف ورزی اور وزیراعظم کے پیغام کی توہین قرار دیتے ہوئے فوری طور پر انہیں عہدے سے ہٹا دیا۔
سجن سنگھ بدھ کو حامیوں کے ساتھ گوالیار سے بھنڈ تک تقریباً 120 گاڑیوں کے طویل قافلے میں پہنچے تھے۔ شہر میں جگہ جگہ حامیوں نے ان کا استقبال کیا۔ کئی مقامات پر پھول مالاوں اور نعروں کے درمیان یہ پروگرام طاقت کے مظاہرے میں تبدیل ہو گیا۔ سجن سنگھ یادو بھنڈ ضلع کے مئو علاقے کے سرگرم بی جے پی لیڈر مانے جاتے ہیں۔ وہ پہلے مئو منڈی صدر بھی رہ چکے ہیں۔ ان کی اہلیہ وندنا یادو اس وقت مئو نگر پریشد کی صدر ہیں۔
تنظیم میں نئی ذمہ داری ملنے کے بعد حامیوں نے بڑے پیمانے پر استقبالیہ پروگرام منعقد کیا تھا، لیکن یہی مظاہرہ اب ان کے خلاف کارروائی کا سبب بن گیا۔ قافلے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئیں۔ اس کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے بی جے پی پر سوالات اٹھانے شروع کر دیے۔ معاملہ ریاستی تنظیم تک پہنچا اور جمعرات کو کارروائی کے احکامات جاری کر دیے گئے۔
بی جے پی کسان مورچہ کے ریاستی صدر جے پال سنگھ چاوڑا کی جانب سے جاری کردہ خط میں واضح کیا گیا کہ 13 مئی کو گوالیار سے بھنڈ تک نکالی گئی ریلی وزیراعظم مودی کی توانائی کی بچت سے متعلق اپیل کے منافی تھی۔ اسے تنظیمی نظم و ضبط کے خلاف سمجھا گیا۔ ریاستی بی جے پی صدر ہیمنت کھنڈیلوال کی ہدایت پر سجن سنگھ یادو کی تقرری فوری طور پر منسوخ کر دی گئی ہے۔ تنظیم نے یہ واضح پیغام دیا کہ کسی بھی عہدیدار کو ذاتی طاقت کے مظاہرے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو خود کئی مواقع پر سادگی اور توانائی کے تحفظ کی بات کر چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ کے دفتر سے لے کر سرکاری تقریبات تک بجلی اور وسائل کے محدود استعمال پر زور دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سمیت ریاستی حکومت کے وزراء نے بھی اپنی گاڑیوں کے قافلے محدود کر دیے ہیں۔ جہاں پہلے وزراء کے ساتھ بڑی تعداد میں گاڑیاں چلتی تھیں، وہیں اب کئی وزراء کم گاڑیوں کے ساتھ سفر کرتے نظر آتے ہیں۔ اس کے علاوہ سرکاری پروگراموں میں غیر ضروری اخراجات کم کرنے پر زور بڑھ گیا ہے۔ کئی محکموں کو بجلی اور ایندھن کی بچت کی ہدایات دی گئی ہیں اور ڈیجیٹل ذرائع کے استعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن