
کٹھوعہ پولیس نے ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے بڑے گروہ کو بے نقاب کیا
جموں، 14 مئی (ہ س)۔ جموں و کشمیر پولیس نے منشیات کے خلاف جاری سو روزہ نشہ مکت بھارت ابھیان کے تحت ضلع کٹھوعہ کے بلاور علاقے میں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے تقریباً 430 گرام ہیروئن نما مادہ برآمد کرکے ایک اہم منشیات فروش کو گرفتار کر لیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں بین الاقوامی روابط کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق ایس ایس پی کٹھوعہ موہیتا شرما کی مجموعی نگرانی میں خفیہ اطلاع ملنے پر پولیس اسٹیشن بلاور کی ٹیم نے بھنی پل کے مقام پر خصوصی ناکہ قائم کیا۔ دورانِ چیکنگ ایک مشتبہ شخص کو روک کر تلاشی لی گئی جس نے اپنی شناخت منیش کمار ولد کالا رام ساکن چک دراب خان، تحصیل و ضلع کٹھوعہ کے طور پر ظاہر کی۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے تقریباً 15.23 گرام ہیروئن (چٹا) نما مادہ اور ایک موبائل فون برآمد کیا گیا۔ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن بلاور میں ایف آئی آر نمبر 89/2026 زیر دفعات 8/21/22 این ڈی پی ایس ایکٹ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دورانِ پوچھ گچھ ملزم نے انکشاف کیا کہ مزید منشیات اس کے گھر میں چھپا کر رکھی گئی ہے۔ بعد ازاں عدالتی سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد اس کے مکان پر چھاپہ مارا گیا جہاں گھر میں موجود ایک مقفل الماری سے تقریباً 415 گرام ہیروئن نما مادہ برآمد کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ گرفتار ملزم کے روابط بیرونِ ملک سرگرم بڑے منشیات اسمگلروں کے ساتھ تھے اور پنجاب کے راستے سرحد پار سے منشیات کی کھیپ حاصل کی جا رہی تھی۔
پولیس اب اس بڑے نیٹ ورک کے دیگر ارکان اور بین الاقوامی روابط کی جانچ میں مصروف ہے۔یہ پوری کارروائی ایس ایچ او پولیس اسٹیشن بلاور اور ایس ڈی پی او بلاور کی قیادت میں ایس پی آپریشنز اپر کٹھوعہ کی نگرانی میں انجام دی گئی۔کٹھوعہ پولیس نے کہا ہے کہ منشیات کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ منشیات فروشی اور نشہ آور اشیا سے متعلق معلومات پولیس کے ساتھ شیئر کریں۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر