
مغربی سنگھ بھوم، 14 مئی (ہ س)۔ مغربی سنگھ بھوم ضلع کے گووا میں اسٹیل اتھارٹی آف انڈیا لمیٹڈ (سیل) کی لوہے کی کان میں11مئی سے جاری غیر معینہ مدت چکہ جام بدھ کی دیر رات ختم ہوگیا۔ تقریباً 72 گھنٹے تک جاری رہنے والی اس تحریک کی وجہ سے کان کے احاطے میں لوہے کی پیداوار اور نقل و حمل بری طرح متاثر رہی ۔
اس تحریک کی قیادت 19 کان سے متاثرہ گاو¿ں کے دیہی باشندوں ، منڈا-مانکی سنگھ اور مقامی نوجوانوں کی طرف سے کی جا رہی تھی، جس کی حمایت جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ مدھو کوڑا نے بھی کی ۔
انتظامیہ، سیل انتظامیہ اور مظاہرین کے درمیان سہ فریقی مذاکرات بدھ کی شام سات بجے سے رات گیارہ بجے تک جاری رہے۔ طویل مذاکرات کے بعد تمام فریقین ایک معاہدے پر پہنچ گئے جس کے نتیجے میں احتجاج ختم کر دیا گیا۔ مظاہرین مقامی بے روزگار نوجوانوں کے لیے روزگار، بے گھر خاندانوں کو ترجیح دینے اور علاقائی مسائل کے حل کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی دھرنا دے رہے تھے۔ دیہی باشندوں کا کہنا تھا کہ سارنڈہ علاقے سے کروڑوں روپے کا لوہا نکالا جا رہا ہے، لیکن مقامی نوجوانوں کو روزگار نہیں مل رہا ہے۔
معاہدے کے تحت 19 گاو¿ں کے مانکی اور منڈا گرام سبھا کا انعقاد کرکے پڑھے لکھے اور ہنر مند بے روزگار نوجوانوں کی فہرست مرتب کریں گے۔ یہ فہرست گووا پولیس اسٹیشن انچارج کو پیش کی جائے گی۔ اس کے بعد پولیس انتظامیہ تعلیمی سرٹیفکیٹس، مجرمانہ ریکارڈ اور دیگر ضروری جانچ کرے گی اور ان کی تصدیق کرے گی۔ تصدیق مکمل ہونے کے بعد ضرورت کے مطابق نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔ معاہدے میں یہ بھی کہا گیا کہ ملازمت کے عمل میں صرف متعلقہ 19 گاوں کے نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی اور باہر کے لوگوں کو شامل نہیں کیا جائے گا۔
بات چیت میں سی جی ایم مائنز چندر بھوشن کمار، سی جی ایم ایچ آر دھیریندر مشرا، جنرل منیجر ڈاکٹر ٹی سی آنند، جنرل منیجر پروین کمار سنگھ اور سیل مینجمنٹ سے ڈپٹی جنرل منیجر انل کمار موجود تھے۔ اس موقع پر انتظامیہ کی طرف سے جگن ناتھ پور کے ایس ڈی او مہندر چھوٹن اوراوں، کریبورو کے ایس ڈی پی او اجے کرکیٹا، سرکل آفیسر منوج کمار، بی ڈی او پپو رجک، گوواتھانہ انچارج نتیش کمار، کریبورو تھانہ انچارج روہت کمار اور چھوٹا ناگرہ تھانہ کے انچارج سینک سمد موجود تھے۔
مظاہرین کی جانب سے سابق وزیر اعلیٰ مدھو کوڑا، مانکی سریش چمپیا، منگتا سورن، ضلع کونسل رکن دیوکی کماری، سنگا سورن، برسا سورن، کیشو گوپ، وکاس گوپ، گلین چامپیا، وکاس پورتی، سشیل پورتی، مدن چامپیا، میگرٹ سرکا،رجنی پورتی، سمترا پورٹی، لالو چامپیا، لکشمی چامپیا، لکھن چامپیا، سوما چامپیا، وجے ہایبورو، لنکا پورتی اور ہری چامپیا کے ساتھ کئی دیہی نمائندوں نے شرکت کی۔
احتجاج ختم ہونے کے بعد کان کے علاقے میں خام لوہے کی نقل و حمل اور پیداواری نظام کو معمول پر لانے کا عمل دیر رات سے شروع کر دیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد