
جموں, 14 مئی (ہ س)۔
لداخ کے دراس مراد باغ علاقے میں جمعرات کو ایک رہائشی مکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تاہم فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز دراس، پولیس اسٹیشن دراس، مقامی لوگوں اور بھارتی فوج کی بروقت اور مشترکہ کارروائی کے باعث آگ پر قابو پالیا گیا اور ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ذرائع کے مطابق آگ تیزی سے پھیل رہی تھی، لیکن امدادی ٹیموں نے فوری طور موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کی، جس سے نہ صرف مزید مالی نقصان کو روکا گیا بلکہ آگ کو قریبی مکانات تک پھیلنے سے بھی بچا لیا گیا۔سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دراس، کاچو اشتیاق خود جائے وقوعہ پر پہنچے اور ریسکیو و فائر فائٹنگ آپریشن کی نگرانی کی۔ اس دوران ایس ایچ او پولیس اسٹیشن دراس انسپکٹر عبداللہ،اور دیگر پولیس اہلکاروں نے فائر سروسز سب اسٹیشن دراس کی ٹیم کے ساتھ مل کر آگ بجھانے کی کارروائی میں حصہ لیا۔
فائر سروسز کے اہلکاروں کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کو عوام نے خوب سراہا۔ مقامی لوگوں نے ضلع پولیس، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، بھارتی فوج اور رضاکاروں کی فوری مدد پر اظہار تشکر کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر