
دنیا بھر میں ”میں ہوں پنجاب“ کا نعرہ لگانے والے مشہور پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ اس وقت ایک نئی متنازع رپورٹ کی وجہ سے سرخیوں میں ہیں۔ حال ہی میں پنجاب کی سیاست میں ان کے انٹری کی افواہیں عروج پر تھیں، ایک نئی رپورٹ نے سب کو چونکا دیا ہے۔ یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ دلجیت اب قانونی ہندوستانی شہری نہیں ہے اور انہوں نے مبینہ طور پر امریکی شہریت حاصل کر رکھی ہے۔
رپورٹ کے مطابق دلجیت نے 2022 میں خفیہ طور پر امریکی شہریت حاصل کی اور اب وہ امریکی پاسپورٹ پر سفر کرتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ 1 ستمبر 2022 سے ای ویزا کے ذریعے ہندوستان آرہے ہیں ۔ رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس کے پاس او سی آئی (اوورسیز سٹیزن آف انڈین اوریجن) کارڈ نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق ان کا آخری بھارتی پاسپورٹ 2018 میں ممبئی میں جاری ہوا تھا جسے بعد میں سرنڈر کر دیا گیا تھا۔ اس سے قبل یہ بتایا گیا ہے کہ ان کے پاس زیمبیا کا پاسپورٹ تھا۔
رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دلجیت کی اہلیہ سندیپ کور بھی امریکی شہری ہیں اور دلجیت نے امریکی شہریت کے لیے درخواست دیتے وقت کیلیفورنیا میں اپنے پانچ بیڈ روم والے بنگلے کا پتہ فراہم کیا تھا۔ یہ معاملہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سماجی تنظیم ”جاگو پنجاب منچ“ سمیت کئی گروپوں نے انہیں پنجاب کی سیاست میں آنے کی دعوت دی ہے۔ تاہم دلجیت پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ ان کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور وہ صرف موسیقی اور اداکاری پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر دلجیت مستقبل میں سیاست میں آنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو انہیں ہندوستانی شہریت دوبارہ حاصل کرنے کے لیے ایک طویل قانونی عمل سے گزرنا پڑے گا۔ ہندوستانی شہریت کے قانون کے تحت، ہندوستانی شہریت کے لئے درخواست دینے سے پہلے ایک غیر ملکی شہری کو کم از کم 12 سال ہندوستان میں رہنا ہوگا۔ فی الحال اس پورے معاملے پر دلجیت یا ان کی ٹیم کی جانب سے کوئی سرکاری ردعمل جاری نہیں کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ