
نئی دہلی، 14 مئی (ہ س)۔ ایوی ایشن ریگولیٹر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے بدھ کو مہاراشٹر کے بارامتی میں ریڈ برڈ ایوی ایشن کے تربیتی طیارے کے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔
ہوابازی کے انضباطی ادارے ڈی جی سی اے نے بدھ کی رات دیر گئے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ بدھ 13 مئی کو میسرز ریڈ برڈ ایوی ایشن (فلائٹ ٹریننگ آرگنائزیشن یا ایف ٹی او) کے ایک ٹیکنام 2008 جے سی طیارے (وی ٹی آر ایف وائی)، سولو فلائنگ ( اکیلے پرواز) کے دوران تکنیکی خرابی آنے پر طیار ہ اڑا رہے ٹرینی پائلٹ کو ایئر پورٹ کے قریب گوجوبووی نامی جگہ پر کھیتوں میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی جس سے طیارے کو نقصان پہنچا تاہم پائلٹ محفوظ رہا۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق پہلا سرکٹ اور لینڈنگ کامیاب رہی۔ تاہم دوسری سرکٹ لینڈنگ کے دوران، ٹرینی پائلٹ نے کچھ تکنیکی خرابی محسوس کی اور ایک کھلے میدان میں ہنگامی لینڈنگ کی۔ ٹرینی پائلٹ محفوظ ہے تاہم طیارے کو نقصان پہنچا۔ ڈی جی سی اے اس واقعہ کی تفصیلی تحقیقات کر رہا ہے۔
قابل غور ہے کہ ریڈ برڈ ایوی ایشن کے ساتھ حادثے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ 2021 کے بعد سے ریڈ برڈ ایوی ایشن کے ہوائی جہاز کے ساتھ یہ ساتواں بڑا حادثہ ہے۔مسلسل رونما ہو رہے ان حادثات نے اکیڈمی کی حفاظت پر سنگین سوالات کو جنم دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد