
جموں, 14 مئی (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کویت میں سڑک حادثے میں جاں بحق ہونے والے جموں و کشمیر کے چھ باشندوں کی لاشیں وطن واپس لانے میں تعاون پر وزیر خارجہ ایس جئے شنکر کا شکریہ ادا کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کویت میں موجود بھارتی سفارت خانے کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ سفارت خانے نے غمزدہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد اور بروقت تعاون فراہم کیا۔
قابل ذکر ہے کہ 8 اپریل کو کویت سٹی کے قریب سعد عبداللہ علاقے میں ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا تھا، جس میں راجوری اور پونچھ اضلاع سے تعلق رکھنے والے چھ افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب یہ افراد کام سے واپس اپنے رہائش گاہوں کی جانب جا رہے تھے۔مہلوکین میں پانچ افراد ضلع پونچھ کے سرنکوٹ علاقے جبکہ ایک شخص ضلع راجوری کے تھانہ منڈی علاقے کا رہنے والا تھا۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر