
سرینگر، 14 مئی (ہ س):۔ کرائم برانچ جموں و کشمیر کے اسپیشل کرائم ونگ (ایس سی ڈبلیو) کشمیر نے جمعرات کو کہا کہ اس نے سرینگر اور بڈگام میں لاکھوں روپے کی دھوکہ دہی، جعلسازی اور مجرمانہ سازش کے الزامات سے متعلق ایک زمینی فراڈ کیس کے سلسلے میں تلاشی کارروائی کی ہے ۔ترجمان نے کہا کہ کرائم برانچ جموں و کشمیر کے اسپیشل کرائم ونگ کشمیر نے سری نگر اور بڈگام اضلاع میں دفعہ 420، 468، اور 120-B آر پی سی کے تحت درج ایف آئی آر نمبر 06/2026 کے سلسلے میں تلاشی لی۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر ہمہامہ، بڈگام کے ایک رہائشی کی طرف سے جمع کرائی گئی تحریری شکایت کی بنیاد پر درج کی گئی ہے، جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ سولینا، سری نگر کے رہنے والے طارق احمد صوفی نے نارکارہ، سری نگر میں واقع زمین کی فروخت کی آڑ میں اس سے دھوکہ دہی سے لاکھوں روپے حاصل کیے ہیں۔تحقیقات میں ابتدائی طور پر انکشاف ہوا ہے کہ ملزم طارق احمد صوفی ولد غلام احمد صوفی ساکنہ مکان نمبر 53، تلسی باغ سری نگر، اور طارق احمد وانی ولد محمد عبداللہ وانی ساکنہ نارکارہ، بڈگام نزدیک یونانی ہسپتال (زمین کے دلالوں) نے اس وقت کے پٹواری کی ملی بھگت سے ایک جعلی دستاویز تیار کی تھی اور اس کا استعمال کرتے ہوئے مجرمانہ کارروائی کی تھی۔ اراضی کے لین دین کے سلسلے میں غلط رقم وصول کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ نتیجتاً تحقیقات کے تسلسل میں سرینگر اور بڈگام کے متعدد مقامات پر ایگزیکٹو مجسٹریٹس کی موجودگی میں گھر گھر تلاشی لی گئی تاکہ کیس سے متعلق مجرمانہ مواد اور دیگر شواہد اکٹھے کئے جا سکیں۔عام لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ دھوکہ بازوں کے خلاف چوکس رہیں اور ایسے کسی بھی واقعے کی اطلاع براہ راست کرائم برانچ کو دیں۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir