
حیدرآباد ، 14 مئی (ہ س)
جی ایم آر ایروٹیکنک (جی اے ٹی) اور بوئنگ ڈیفنس انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ (بی ڈی پی آئی ایل) نے ہندوستانی بحریہ کے ‘بوئنگ پی-8I’ بحری گشتی طیاروں کے بیڑے کی فیز-56 ہیوی مینٹیننس چیکس کےلیے ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت، جی ایم آرایرو ٹیکنک حیدرآباد میں واقع جی ایم آر ایرواسپیس پارک (ایس ای زیڈ) میں اپنی ایم آر او سہولت پر یہ بھاری مرمتی کام انجام دے گی۔اس کام میں طیاروں کی ساختی اپ گریڈیشن، تفصیلی معائنہ، پینٹنگ، اور بوئنگ و دفاعی ہوابازی کے معیارات کے مطابق سسٹم اپ گریڈیشن شامل ہوگی۔ یہ شراکت داری جی ایم آر ایرو ٹیکنک کی دفاعی طیاروں کے پلیٹ فارم کی سپورٹ میں پہلی بڑی شمولیت ہے، جس سے ہندوستان کے دفاعی ایم آراوماحولیاتی نظام کو تقویت ملنے کی توقع ہے۔ اشوک گوپی ناتھ (صدر،جی ایم آرایرو ٹیکنک) نے کہا کہ یہ معاہدہ بوئنگ کے ساتھ کمپنی کے دیرینہ تعلقات کو مزید گہراکرتا ہے۔ انہوں نے اسے جی ایم آرکی تکنیکی مہارت اور ہنرمند افرادی قوت پر بوئنگ کے اعتماد کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہندوستان کو عالمی دفاعی ایم آر او ہب بنانے کے وژن کا حصہ ہے۔ نکھل جوشی (منیجنگ ڈائرکٹر، بوئنگ ڈیفنس انڈیا) نے کہا کہ مشن کی تیاری میں تعاون بوئنگ کی کارروائیوں کا مرکزی حصہ ہے۔ یہ تعاون ہندوستان کی مقامی ایرو اسپیس اور دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے بوئنگ کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔ بوئنگ پی-8I ایک طویل فاصلے تک مار کرنے والا بحری گشتی اور جاسوسی طیارہ ہے، جو آبدوز شکن جنگ، انٹیلی جنس اور نگرانی کے مشنوں کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ ہندوستانی بحریہ کے پاس اس وقت 12 پی-8I طیارے ہیں جو تمل ناڈو کے آئی این ایس راجالی اور گوا کے آئی این ایس ہنسا پر تعینات ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق