
نئی دہلی، 14 مئی (ہ س)۔ دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے جمعرات کو دہلی کے سرکاری دفاتر میں گھر سے ہفتے میں دو دن کام کرنے، سرکاری گاڑیوں کے ایندھن کی کھپت میں 20 فیصد کمی اور میرا بھارت، میرا یوگدان مہم کا اعلان کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی ایندھن کی بچت کی اپیل کے جواب میں، یہ فیصلے دہلی سکریٹریٹ میں وزیر اعلیٰ کی صدارت میں ہوئی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں لیے گئے۔
وزیر اعلیٰ نے جمعرات کو دہلی سکریٹریٹ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ جاری عالمی اقتصادی عدم استحکام، مغربی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، ایندھن کا بحران اور بڑھتی ہوئی درآمدی لاگت پوری دنیا کو متاثر کر رہی ہے، اور ہندوستان بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہے۔ ایسے وقت میں ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ قومی مفادات کو مدنظررکھتے ہوئے وسائل کے تحفظ اور خود انحصار ہندوستان کی تشکیل میں اپنا تعاون ادا کرے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی حکومت نے ایندھن کی بچت اور ٹریفک کے انتظام کے لیے کئی اہم انتظامی فیصلے لیے ہیں۔ دہلی حکومت کے تمام محکمے دو دن گھر سے کام کرنے کا نظام نافذ کریں گے۔ پرائیویٹ کمپنیوں اور اداروں کو بھی مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ اپنی سہولت کے مطابق ہفتے میں دو دن گھر سے کام کریں۔ اس سلسلے میں لیبر ڈیپارٹمنٹ کسی بھی مسائل کے حل کے لیے سنگل ونڈو ہیلپ ڈیسک اور کال سینٹر قائم کرے گا۔ حکومت بڑی کمپنیوں اور اداروں کے ساتھ ذاتی سطح پر بھی رابطہ کرے گی تاکہ ان کے تعاون کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ انتظام ضروری خدمات پر لاگو نہیں ہوگا جو براہ راست عوامی سہولیات اور عوامی کاموں سے متعلق ہیں۔ ان میں عوام کے ساتھ کام کرنے والے محکمے، فائر سروس، اسپتال، جیل انتظامیہ، پبلک ٹرانسپورٹ، بجلی اور پانی کی فراہمی، اور دیگر ضروری خدمات شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری گاڑیوں کا استعمال کم سے کم کیا جائے گا۔ نئے فیصلے کے تحت حکام کے پٹرول الاو¿نسز میں 20 فیصد تک کمی کی گئی ہے۔ وہ گاڑیاں جن میں پہلے 200 لیٹر پٹرول کی حد تھی ان کو کم کر کے 160 لیٹر کر دیا گیا ہے اور جن گاڑیوں کی پہلے 250 لیٹر کی حد تھی ان کی حد 200 لیٹر کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر سوموار کو میٹرو پیمنڈے کے طور پر منایا جائے گا، جب بھی ممکن ہو، وزرا، اعلیٰ حکام، اور سرکاری ملازمین میٹرو اور پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں گے۔ دہلی حکومت کے دفتری اوقات اب صبح:30 10بجے سے شام 7 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں، جب کہ دہلی میونسپل کارپوریشن کے دفاتر صبح 8:30بجے سے شام:00 5بجے تک کام کریں گے۔ مرکزی حکومت کے دفتری اوقات صبح 9 بجے سے شام 5:30 بجے تک ہیں۔ دفتری اوقات کی اس تبدیلی سے ٹریفک کے ہجوم کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیر اعلیٰ نے دہلی کے لوگوں سے ہفتے میں ایک دن 'نو وہیکل ڈے' منانے کی اپیل کی اور کہا کہ شہری اپنی سہولت کے مطابق ایک دن نجی گاڑیوں کا استعمال نہ کرنے کا عہد لیں۔ انہوں نے کہا کہ اگلے چھ ماہ تک دہلی حکومت کوئی نئی پٹرول، ڈیزل، سی این جی یا ہائبرڈ گاڑیاں نہیں خریدے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اگر گریڈ 1 سے گریڈ 8 تک کے ملازمین اور افسران اپنے ٹرانسپورٹ الاو¿نس کا کم از کم 25 فیصد پبلک ٹرانسپورٹ جیسے میٹرو وغیرہ پر خرچ کرتے ہیں تو حکومت 10 فیصد اضافی ٹرانسپورٹ الاو¿نس دے گی۔
انہوں نے کہا کہ مال بردار کمپنیوں پر زور دیا جائے گا کہ وہ اپنا سامان ٹرکوں کے بجائے ٹرین کے ذریعے منتقل کریں۔ اس سے ڈیزل کی بچت ہوگی۔
وزیر اعلیٰ نے یہ بھی اعلان کیا کہ سرکاری ملازمین میں پبلک ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کے لیے دہلی کی 29 سرکاری کالونیوں میں رہنے والے ملازمین کے لیے 58 فیڈر بسوں کے لیے ایک خصوصی روٹ پلان تیار کیا گیا ہے، جو ملازمین کو کالونیوں سے میٹرو اسٹیشنوں تک لے جائے گی۔ مزید برآں، تمام محکموں کے گھریلو سفری اخراجات میں 20 فیصد کمی کی جائے گی اور 50 فیصد سرکاری میٹنگز آن لائن ہوں گی۔
وزیر اعلیٰ نے یونیورسٹیوں اور کالجوں سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ حد تک آن لائن موڈ کے ذریعے غیر عملی کلاسز، گیسٹ لیکچرز اور انتظامی میٹنگز کا انعقاد کریں۔
وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ دہلی حکومت کے وزراءاور عہدیدار اگلے ایک سال تک کوئی سرکاری غیر ملکی دورہ نہیں کریں گے۔ کچھ پہلے سے طے شدہ سرکاری غیر ملکی مصروفیات بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ مزید برآں، بڑے سرکاری عوامی پروگراموں اور کانفرنسوں پر اگلے تین ماہ کے لیے پابندی ہوگی۔ انہوں نے دہلی والوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے غیر ملکی سفر کو محدود کریں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بجلی کی بچت کے لیے تمام سرکاری دفاتر میں ایئر کنڈیشنرز کو لازمی طور پر 24 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ پر رکھا جائے گا۔ بجلی کے غیر ضروری استعمال کو روکنے کے لیے دفاتر میں توانائی بچانے والے سینسرز اور ماسٹر سوئچز بھی نصب کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ میرا بھارت، میرا یوگدان کے موضوع پر دہلی بھر میں 90 روزہ عوامی بیداری مہم چلائی جائے گی۔ اس مہم کے تحت اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں، آر ڈبلیو اے، خواتین کے گروپس، اداروں، اور کمپنیوں میں مختلف عہد کرائے جائیں گے۔ ان میں ایندھن کی بچت، عوامی نقل و حمل کا استعمال، ذاتی گاڑی کے غیر ضروری استعمال میں کمی، غیر ضروری غیر ملکی سفر سے گریز، میڈ ان انڈیا مصنوعات کو اپنانا، اور خوردنی تیل کی غیر ضروری کھپت کو کم کرنا جیسے موضوعات شامل ہوں گے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی