فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کے پی جی اسکالرز نے ہمدرد لیباریٹریز کا صنعتی دورہ کیا
علی گڑھ, 13 مئی (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی فیکلٹی آف یونانی میڈیسن نے ریسرچ، انوویشن اینڈ انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ (ریڈ) سیل کے زیر اہتمام پوسٹ گریجویٹ اسکالرز کے لیے ہمدرد لیبارٹریز کی مینوفیکچرنگ یونٹ کا ایک روزہ صنعتی دورہ منعقد کیا۔ ہ
یونانی میڈیسن


علی گڑھ, 13 مئی (ہ س)۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی فیکلٹی آف یونانی میڈیسن نے ریسرچ، انوویشن اینڈ انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ (ریڈ) سیل کے زیر اہتمام پوسٹ گریجویٹ اسکالرز کے لیے ہمدرد لیبارٹریز کی مینوفیکچرنگ یونٹ کا ایک روزہ صنعتی دورہ منعقد کیا۔

ہمدرد لیباریٹریز انڈیا کے تعاون سے منعقدہ اس دورے کا مقصد طلبہ کو یونانی طب میں جدید دواسازی کے عملی طریقوں سے روشناس کرانا اور صنعت و اکیڈمیا کے درمیان اشتراک کو مضبوط بنانا تھا۔ پروگرام میں 30 پوسٹ گریجویٹ اسکالرز نے شرکت کی، جن کے ساتھ فیکلٹی اراکین ڈاکٹر قاضی زید احمد، ڈاکٹر عزیز الرحمٰن اور ڈاکٹر سنبل رحمٰن بھی موجود تھے۔

ڈین، فیکلٹی آف یونانی میڈیسن، پروفیسر ایس ایم اشرف نے اسکالرز کو ماہرین سے خاطر خواہ استفادہ کرنے اور روایتی طب کے جدید صنعتی طریقۂ کار کے ساتھ بڑھتے ہوئے انضمام کو سمجھنے کی ترغیب دی۔

ہمدرد کی فیکٹری میں وفد کا استقبال ڈپٹی جنرل منیجر (ایچ آر) جناب انعام علی اور سینئر جنرل منیجر (ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ) ڈاکٹر سنتوش کمار جوشی نے کیا۔ انہوں نے شرکاء کو تحقیقی و مینوفیکچرنگ یونٹس کا دورہ کرایا۔ اسکالرز نے یونانی ادویات کی تیاری، کوالٹی کنٹرول، معیار سازی اور بڑے پیمانے پر پیداوار کے مختلف مراحل کا جی ایم پی رہنما خطوط کے تحت مشاہدہ کیا۔

اس دوران ایک تعاملی نشست بھی منعقد ہوئی، جس میں چیف پروڈکشن اینڈ پروجیکٹ آفیسر جناب شمشاد علی، جناب انعام علی اور ڈاکٹر سنتوش کمار جوشی نے یونانی دوا سازی کے شعبے میں تحقیق، اختراع اور صنعت کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔

ایڈمنسٹریٹو آفیسر جناب دانش نے ڈاکٹر صغیر احمد خان، منیجر (ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ) اور ڈاکٹر اروند کمار ترپاٹھی، کوالٹی کنٹرول منیجر کے تعاون سے پروگرام کو مربوط کیا۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande