
وزیر اعلیٰ آفس بی جے پی دفاتر سمیت حساس مقامات پر سیکورٹی بڑھا دی گئی
چنڈی گڑھ، 13 مئی (ہ س)۔
پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان اور پنجاب بی جے پی کے صدر سنیل جاکھڑ کو جان سے مارنے اور بم کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ ای میل کے بعد پنجاب اور دہلی میں سیکورٹی ایجنسیوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت اور انتظامیہ کو بھیجی گئی ای میل میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے دفتر اور بی جے پی کے دفاتر پر بم دھماکے کیے جائیں گے۔ ای میل میں بھگونت مان اور سنیل جاکھڑ کو سکھوں کے دشمن قرار دیا گیا ہے۔
ای میل میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ کے دفتر میں دوپہر 1:11 پر ایک بم دھماکہ کیا جائے گا اور اس میں سابق وزیراعلیٰ بینت سنگھ جیسے حملے کی دھمکی دی گئی ہے۔ اس میں پنجاب اور دہلی میں بی جے پی کے دفاتر میں رات 9:11 پر بم دھماکوں کا بھی ذکر ہے۔
دھمکی آمیز ای میل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سنیل جاکھڑ کو 6 جون تک نشانہ بنایا جائے گا۔ ان کے والد، لوک سبھا کے سابق اسپیکر بلرام جاکھڑ کا بھی ای میل میں ذکر ہے۔
دھمکی کے بعد پولیس، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور سیکیورٹی فورسز نے وزیراعلیٰ آفس سمیت حساس مقامات پر سیکیورٹی بڑھا دی ہے۔ بی جے پی کے دفاتر پر بھی سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
ایجنسیاں فی الحال ای میل بھیجنے والے کی شناخت کے لیے کام کر رہی ہیں، اور تحقیقات جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ