
نئی دہلی، 13 مئی (ہ س)۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے نیوزی لینڈ کے خلاف اگلے ماہ لارڈز میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ ایمیلیو گی، جیمز ریو اور اولی رابنسن جیسے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ زیک کرولی کو باہر کر دیا گیا ہے۔ یہ پہلی ٹیسٹ ٹیم ہے جس میں انگلینڈ کے نئے قومی سلیکٹر مارکس نارتھ کو شامل کیا گیا ہے۔ انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم میں آسٹریلیا میں ایشز سیریز 1-4 سے ہارنے والی ٹیم کے مقابلے میں کئی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
سب سے متنازعہ فیصلہ زیک کرولی کوباہر کرنا تھا۔ بیج بال کے دور کے ایک اہم بلے باز کے طور پر شامل رہے کرولی کی کارکردگی مسلسل خراب رہی ہے۔ ایشز سیریز میں ان کی اوسط 27.30 تھی۔ اس ڈومیسٹک سیزن میں کینٹ کے لیے کھیلتے ہوئے، وہ 10 اننگز میں صرف 44 کا سب سے زیادہ اسکور بنا سکے۔
کرولی کی جگہ ڈرہم کے ایمیلیو گے ہیں جنہوں نے اس سیزن میں شاندار بلے بازی کرتے ہوئے تین سنچریوں سمیت 552 رنزبنائے۔ وہیں سمرسیٹ کے جیمز ریو کو پہلی بار ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ ٹیم کو بطور وکٹ کیپر اوربلے باز اضافی متبادل فراہم کریں گے۔
انگلینڈ کے لیے ایک اور بڑی واپسی تیز گیند باز اولی رابنسن کی ہے۔ وہ دو سال سے زائد عرصے کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ فٹنس مسائل کی وجہ سے وہ طویل عرصے سے ایکشن سے باہر تھے تاہم سسیکس کی کپتانی سنبھالنے کے بعد ان کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے حال ہی میں لیسٹر شائر کے خلاف چھ وکٹیں لے کر اپنی فٹنس اور فارم کو ثابت کیا۔
لیگ اسپنر ریحان احمد کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ ریحان فی الحال آئی پی ایل میں دہلی کیپٹلس کے ساتھ ہیں۔ فاسٹ بولر سونی بیکر اور میتھیو فشر کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
جوفرا آرچر پہلے ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ انگلینڈ کے کرکٹ ڈائریکٹر راب کی نے کہا کہ آرچر اس وقت آئی پی ایل میں کھیل رہے ہیں اور طویل غیر حاضری کے بعد ریڈ بال کرکٹ کے لیے تیار ہو رہے ہیں۔
انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس بھی چوٹ کے بعد روبہ صحت ہو کر واپس آئے ہیں اور وہگیندبازی آپشن کے طور پر دستیاب ہوں گے۔ توقع ہے کہ گس اٹکنسن اور جوش ٹونگو تیزگیندبازی اٹیک کی قیادت کریں گے۔
اسپن ڈپارٹمنٹ میں ریحان احمد اور شعیب بشیر کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ بشیر کو ایشز سیریز میں موقع نہیں ملا لیکن ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
انگلینڈ کے مینز کرکٹ کے ڈائریکٹر راب کی نے کہا کہ ہم نے ایک ٹیم کا انتخاب کیا ہے جس میں تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ نوجوان ٹیلنٹ کا بہترین توازن موجود ہے۔ ایمیلیو، جیمز اور سونی نے مسلسل پرفارمنس کے ذریعے یہ موقع حاصل کیا ہے۔
نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 4 جون سے لارڈز میں کھیلا جائے گا، دوسرا ٹیسٹ 17 جون کو اوول اور تیسرا ٹیسٹ 25 جون کو ٹرینٹ برج میں شروع ہوگا۔
انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم: بین اسٹوکس (کپتان)، ریحان احمد، گس اٹکنسن، سونی بیکر، شعیب بشیر، جیکب بیتھل، ہیری بروک، بین ڈکٹ، میتھیو فشر، ایمیلیو گے، جیمز ریو، اولی رابنسن، جو روٹ، جیمی اسمتھ (وکٹ کیپر) اور جوش ٹوگن۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی