
لینڈ اوپن: سندھو اور سری کانت پری کوارٹر فائنل میں پہنچے، آیوش شیٹی باہر
نئی دہلی، 13 مئی (ہ س):۔
اسٹار ہندوستانی شٹلرس پی وی سندھو اور کدامبی سری کانت نے بدھ کو تھائی لینڈ اوپن 2026 بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل میں پہنچنے کے لیے شاندار فتوحات درج کیں، جب کہ نوجوان کھلاڑی آیوش شیٹی کو پہلے راونڈ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
دو مرتبہ کی اولمپک تمغہ جیتنے والی پی وی سندھو نے خواتین کے سنگلز کے پہلے راونڈ میں چائنیز تائپے کی تنگ چیوتونگ کو 9-21، 12-21 سے شکست دی۔ چھٹی سیڈ سندھو نے صرف 33 منٹ میں میچ جیت لیا۔ ان کا اگلا مقابلہ ڈنمارک کی امالی شلز سے ہوگا۔ سندھو 2024 سید مودی انٹرنیشنل کے بعد اپنے پہلے خطاب کی تلاش میں ہیں۔
مردوں کے سنگلز میں، کدامبی سری کانت نے سنگاپور کے آٹھویں سیڈ لوہ کین یو کو 14-21، 15-21 سے شکست دے کر راونڈ آف 16 میں جگہ بنائی۔ یہ میچ 2021 ورلڈ چیمپئن شپ کے فائنل کا ری میچ تھا۔ 2013 میں تھائی لینڈ اوپن کا خطاب جیتنے والے سری کانت کا اگلا مقابلہ چینی تائپے کے سو لی یانگ سے ہوگا۔
بیڈمنٹن ایشیا چیمپیئن شپ کے چاندی کا تمغہ جیتنے والے آیوش شیٹی کو جاپان کے کوڈائی ناراوکا کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلا گیم ہارنے کے بعد آیوش نے شاندار واپسی کی اوردوسرا گیم جیت کر میچ کو فیصلہ کن مقام تک پہنچا دیا۔ تاہم جاپانی کھلاڑی نے تیسراگیم پر مکمل طور پر غلبہ حاصل کرلیا اور 13-21، 21-17، 4-21 سے کامیابی حاصل کی۔
خواتین کے سنگلز میں نوجوان ہندوستانی کھلاڑی اونتی ہڈا اور انمول کھرب بھی ہار کر باہر ہو گئیں۔ اونتی ہڈا نے تھائی لینڈ کے پورنپاوی چوچووانگ کے خلاف پہلا گیم جیت کر شاندار شروعات کی، لیکن چوتھی سیڈ کھلاڑی نے واپسی کی اور میچ 21-11، 17-21، 16-21 سے جیت لیا۔ فرید آباد سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ انمول کھرب نے موجودہ چمپئن چین کے چن یو فی کو سخت ٹکر دی۔ فیصلہ کن گیم میں انمول ایک موقع پر 2-11 سے آگے تھے لیکن چینی کھلاڑی نے زبردست واپسی کرتے ہوئے میچ 21-19، 13-21، 18-21 سے جیت لیا۔
لکشیا سین، تنوی شرما، دیویکا سہاگ، مالویکا بنسوڑ اور ایشارانی بروا بھی دن کے آخر میں اپنے سنگلز میچ کھیلیں گے، جبکہ مکسڈ ڈبلز میں تین ہندوستانی جوڑے ایکشن میں ہوں گے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی