
جلگاؤں، 13 مئی (ہ س)۔ پونے ریلوے ڈویژن میں اکولنیر، احمدنگر اور نمبلک اسٹیشنوں کے درمیان ریلوے لائن ڈبل کا کام جنگی پیمانے پر جاری ہے، جس کے باعث ریلوے انتظامیہ نے 15 سے 19 مئی تک پانچ دن کے بڑے “ٹریفک اور پاور بلاک” کا اعلان کیا ہے۔ اس مہابلاک کی وجہ سے بھساول اور جلگاؤں کے راستے چلنے والی 12 اہم ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ 18 ٹرینوں کے روٹس تبدیل کیے گئے ہیں۔شدید گرمی کی تعطیلات کے دوران ٹرینوں میں پہلے ہی زبردست بھیڑ دیکھی جا رہی ہے۔ ہزاروں مسافروں نے ایک ماہ قبل ہی ریزرویشن کروا کر اپنے سفر کی منصوبہ بندی کی تھی، لیکن ریلوے انتظامیہ نے اس مہابلاک کی اطلاع صرف تین دن قبل جاری کی، جس کے بعد مسافروں میں شدید ناراضی پائی جا رہی ہے۔منسوخ کی گئی اہم ٹرینوں میں پونے-ناگپور غریب رتھ ایکسپریس (12113/14)، پونے-ناگپور ایکسپریس (12135/36)، پونے-گورکھپور ہڈپسر اسپیشل (01415/16)، پونے-داناپور اسپیشل (01449/50)، پونے-جبل پور اسپیشل (02131/32) اور ہڈپسر-جھانسی اسپیشل (01923/24) شامل ہیں۔ مختلف ٹرینیں 14 سے 19 مئی کے درمیان مختلف تاریخوں میں منسوخ رہیں گی۔ریلوے انتظامیہ کے مطابق 18 اہم ٹرینوں کے راستے بھی تبدیل کیے گئے ہیں۔ ہڈپسر-حضور صاحب ناندیڑ ایکسپریس اور پونے-امراوتی ایکسپریس اب اپنے معمول کے راستے کے بجائے دوند، کڈووادی، لاتور روڈ، پربھنی اور پورنا کے راستے چلیں گی۔اسی طرح ہبلی-بنارس، کے ایس آر بنگلورو-نئی دہلی اور ہبلی-حضرت نظام الدین جیسی طویل فاصلے کی اہم ٹرینیں اب شولاپور، لاتور روڈ، پربھنی، اورنگ آباد اور منماڈ کے راستے چلائی جائیں گی۔ریلوے انتظامیہ نے کہا ہے کہ روٹ تبدیلی کے باعث ٹرینوں کے اوقات اور بعض اسٹیشنوں میں بھی تبدیلی کی گئی ہے، اس لیے مسافر گھر سے نکلنے سے قبل ریلوے ہیلپ لائن یا این ٹی ای ایس ایپ پر اپنی ٹرین کی تازہ صورتحال ضرور چیک کریں۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے