
جموں, 13 مئی (ہ س)۔
جموں میں بدھ کے روز شوالک پہاڑی سلسلے کے اطراف جنگلاتی اور سرکاری زمینوں پر مبینہ قبضوں کے خلاف بی جے پی کارکنوں اور مقامی لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاج کی قیادت باہو حلقہ کے بی جے پی رکن اسمبلی وکرم رندھاوا نے کی۔مظاہرین نے سدھرا روڈ پر ریلی نکال کر دھرنا دیا اورجموں کے جنگلات بچاؤ اور زمینوں پر قبضے بند کروجیسے نعرے لگائے۔ احتجاج کے دوران ٹائر بھی جلائے گئے جس کے باعث سدھرا بائی پاس دو گھنٹے سے زائد وقت تک بند رہا۔اس موقع پر وکرم رندھاوا نے الزام لگایا کہ جموں کے مختلف علاقوں میں جنگلاتی، سرکاری اور جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جے ڈی اے) کی زمینوں پر غیر قانونی قبضے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بٹھنڈی، سنجواں، بجلتہ، سدھرا، رائیکا، نروال اور باہو علاقوں میں ہزاروں کنال اراضی پر قبضہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر قبضہ مکت جموں مہم شروع کرے اور زمین مافیا کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ رندھاوا نے دعویٰ کیا کہ غیر قانونی قابضین کو بنیادی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں، جس سے مزید قبضوں کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔بی جے پی رکن اسمبلی نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مبینہ قابضین کی تفصیلات کا جائزہ لیں اور جموں کی ڈوگرہ شناخت، ثقافت اور جنگلات کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جموں ضلع میں ایک لاکھ 45 ہزار سے زائد کنال سرکاری زمین پر قبضہ درج ہے، جبکہ سری نگر میں یہ تعداد تقریباً 13 ہزار کنال بتائی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر