
نگروٹہ میں چھ ماہ کے دوران سو کروڑ سے روپے سے زائد ترقیاتی پروجیکٹوں کو منظوری دی گئی
جموں، 13 مئی (ہ س)۔ جموں کے نگروٹہ اسمبلی حلقہ کی رکن اسمبلی دیویانی رانا نے کہا ہے کہ ان کے حلقے میں صرف چھ ماہ کے دوران 100 کروڑ روپے سے زائد کے ترقیاتی کاموں کو منظوری دی گئی ہے، جن کا مقصد عوام کو بہتر بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ پنجرین اور جَنکاہ پنچایتوں میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حلقے کے ہر علاقے کی مساوی ترقی ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس نظریے کے تحت ترقیاتی پروجیکٹوں کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
دیویانی رانا نے کہا کہ عوام نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، وہ اس پر پورا اترنے کے لیے دن رات کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ منظور شدہ فنڈز سڑکوں، پینے کے پانی، تعلیمی و طبی اداروں، دیہی ترقی، آبپاشی اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر خرچ کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت 46 کروڑ 73 لاکھ روپے کی لاگت سے 22 کلومیٹر نئی سڑکوں کی منظوری دی گئی ہے، جس سے دیہی اور دور دراز علاقوں میں رابطہ سہولیات بہتر ہوں گی۔
ایم ایل اے نے مزید کہا کہ وہ حلقے کے تقریباً 368 وارڈز میں عوامی ملاقاتیں کر رہی ہیں تاکہ لوگوں کے مسائل کو براہ راست سنا جا سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کسی بھی علاقے کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا اور ترقی کے ثمرات ہر طبقے تک پہنچائے جائیں گے۔ انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے اور نوجوانوں کو ہنر مند بنانے پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کے لیے خود روزگار اور سیلف ہیلپ گروپس کو فروغ دیا جا رہا ہے جبکہ نوجوانوں کے لیے ہنرمندی اور روزگار سے متعلق پروگرام شروع کیے جا رہے ہیں۔اس موقع پر مقامی سماجی کارکنان، نوجوان نمائندے اور پارٹی کارکنان بھی موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر