
نرسنگھ پور ضلع کے مونگوانی سے لاڈلی بہنا یوجنا کی 36 ویں قسط جاری کی
بھوپال، 13 مئی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے بدھ کو نرسنگھ پور ضلع کے گرام مونگوانی میں منعقدہ پروگرام سے ’وزیراعلیٰ لاڈلی بہنا یوجنا‘ کی 36 ویں قسط جاری کی۔ اس دوران انہوں نے ریاست کی 1 کروڑ 25 لاکھ 22 ہزار 542 لاڈلی بہنوں کے بینک کھاتوں میں 1,835 کروڑ 67 لاکھ 29 ہزار 250 روپے کی رقم سنگل کلک سے منتقل کی۔
پروگرام میں وزیراعلیٰ نے اسٹیج پر کنیا پوجن کر کے ماتر شکتی کے تئیں اپنے احترام کا اظہار کیا اور موجود بہنوں سے جذباتی گفتگو کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگِ بنیاد اور افتتاح کر کے مستفیدین کو فوائد تقسیم کیے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ہونہار طلبہ کو توصیفی اسناد بھی تقسیم کیں۔
وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں اسکیم کے تئیں حکومت کے پختہ عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ لاڈلی بہنوں کی معاشی اور سماجی بااختیاری ہی مدھیہ پردیش کی ترقی کی اصل بنیاد ہے۔ حکومت ہر قدم پر اپنی بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
پروگرام کے دوران گوٹے گاوں کے ایم ایل اے مہندر ناگیش نے علاقائی ترقی کے نقطہ نظر سے وزیراعلیٰ کے سامنے ایک اہم تجویز رکھی۔ انہوں نے مونگوانی میں نیا کالج کھولنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے دلیل دی کہ مقامی سطح پر کالج کھلنے سے علاقے کے طلبہ، بالخصوص بیٹیوں کو اعلیٰ تعلیم کے لیے شہروں کی طرف بھٹکنا نہیں پڑے گا۔ مقامی شہریوں نے رکن اسمبلی کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے علاقے کے لیے ضروری قدم قرار دیا ہے۔
ایک طرف جہاں وزیراعلیٰ کا پروگرام خوش اسلوبی سے چل رہا تھا، وہیں دوسری طرف پولیس اور انتظامیہ احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لیے مستعد رہی۔ وزیراعلیٰ کو سیاہ جھنڈے دکھانے کا منصوبہ بنانے والے یوتھ کانگریس کے ضلع نائب صدر شیوم رائے اور ان کی ٹیم کو پولیس نے گوٹے گاوں میں روک کر نظر بند کر دیا۔ انتظامیہ نے سیکورٹی وجوہات اور امن و امان کا حوالہ دیتے ہوئے یہ احتیاطی کارروائی کی ہے۔ اس واقعے کے بعد ضلع کے سیاسی حلقوں میں بحث چھڑ گئی ہے۔ اپوزیشن نے اسے جمہوری حقوق کی پامالی قرار دیا ہے، جبکہ پولیس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وی آئی پی پروگرام میں سیکورٹی اور انتظام برقرار رکھنا ان کی ترجیح ہے۔ فی الحال علاقے میں بھاری پولیس فورس تعینات ہے اور صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔
واضح رہے کہ ریاستی حکومت کی پرجوش لاڈلی بہنا یوجنا جون 2023 میں شروع ہوئی تھی۔ اس اسکیم میں وزیراعلیٰ کی جانب سے 36 ویں قسط جاری کی گئی ہے۔ اسکیم کے آغاز میں ہر اہل خاتون کو 1,000 روپے ماہانہ دیے جاتے تھے۔ اکتوبر 2023 میں اسے بڑھا کر 1,250 روپے ماہانہ کر دیا گیا۔ اس کے بعد نومبر 2025 سے رقم میں دوبارہ اضافہ کر کے اسے 1,500 روپے ماہانہ کر دیا گیا۔ سماجی تحفظ کی پنشن اسکیموں کے تحت کم رقم حاصل کرنے والی خواتین کو بھی اس اسکیم کے ذریعے اضافی امداد دے کر کل واجب الادا رقم کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن