
کشتواڑ پولیس نے دہشت گردوں کو مدد فراہم کرنے والے سرکاری ملازم کو گرفتار کیا
جموں، 13 مئی (ہ س)۔ جموں و کشمیر پولیس نے ضلع کشتواڑ کے چھاترو علاقے میں غیر ملکی دہشت گردوں کی معاونت کرنے والے سیف اللہ گروپ کے حامیوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان دہشت گردوں کو پناہ، سہولیات اور لاجسٹک مدد فراہم کرنے میں ملوث تھے۔ پولیس تھانہ چھاترو میں اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 03/2026 درج کی گئی ہے، جس میں بی این ایس کی دفعات 61(2)، 109، 147، 148، یو اے پی اے کی دفعات 13، 16، 18، 19، 20 اور آرمز ایکٹ کی دفعہ 7/27 شامل کی گئی ہیں۔
ایس ایس پی کشتواڑ نریش سنگھ نے تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ باریک بینی سے کی گئی تحقیقات اور مخصوص کارروائی کے دوران مشکور احمد ولد محمد رمضان سکنہ بیگ پورہ، سنگھ پورہ، کشتواڑ کو گرفتار کیا گیا، جو محکمہ تعلیم میں بطور استاد تعینات ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم سنگھ پورہ، چھاترو میں غیر ملکی دہشت گردوں کے لیے محفوظ ٹھکانہ اور دیگر سہولیات فراہم کرنے میں براہ راست ملوث تھا۔پولیس نے اس سے قبل منیر احمد سکنہ بندیان نائدگام کو بھی اسی نوعیت کے الزامات میں گرفتار کیا تھا۔
حکام کے مطابق معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جا سکے اور اس میں شامل تمام افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔جموں و کشمیر پولیس نے واضح کیا ہے کہ دہشت گردی اور اس کے معاونین کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور امن و امان کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر