
علی گڑھ، 13 مئی (ہ س)۔ قومی یوگی سینا سنگھ کے قومی صدر آصف پٹھان نے ضلع کاس گنج کی گنج ڈنڈوارہ کوتوالی کے انچارج انسپکٹر پر بدسلوکی اور ہراسانی کا الزام عائد کرتے ہوئے ڈی آئی جی علی گڑھ رینج سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
آصف پٹھان کی جانب سے دی گئی تحریری شکایت میں کہا گیا ہے کہ وہ 8 مئی کو ایک مقدمے کے سلسلے میں گنج ڈنڈوارہ کوتوالی گئے تھے۔ ان کا الزام ہے کہ کوتوالی میں موجود انچارج انسپکٹر رادھے شیام نے مبینہ طور پر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف نامناسب زبان استعمال کی۔ مخالفت کرنے پر انہیں حوالات میں بند کر دیا گیا جبکہ ان کے ساتھ موجود صحافیوں کے ساتھ بھی مبینہ طور پر مارپیٹ کی گئی۔
آصف پٹھان نے اس معاملے کی شکایت وزیر اعلیٰ دفتر کو بھی بھیجتے ہوئے متعلقہ انسپکٹر کے خلاف کارروائی اور معطلی کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب جب اس سلسلے میں گنج ڈنڈوارہ کوتوالی کے انچارج انسپکٹر رادھے شیام سے بات کی گئی تو انہوں نے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف پٹھان تھانے میں درج ایک مقدمے میں غیر ضروری دباؤ بنانے کی کوشش کر رہے تھے، جسے پولیس نے قبول نہیں کیا۔
انہوں نے بتایا کہ آصف پٹھان مبینہ طور پر باؤنسرز کے ساتھ تھانے پہنچے تھے اور متاثرہ فریق کو دھمکا رہے تھے، جس کے بعد انہیں دفعہ 151 کے تحت پابند کیا گیا۔
ایس ایچ او رادھے شیام نے کہا کہ ان کے خلاف لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں اور اگر کہیں بھی شکایت کی جاتی ہے تو جانچ میں حقیقت سامنے آ جائے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ فریق کو دھمکانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا جانا چاہیے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ