
نئی دہلی، 13 مئی (ہ س)۔ دہلی کی تمام ضلعی عدالتوں میں وکلاءکل 14 مئی کو عدالتی کام کا بائیکاٹ کریں گے۔ بائیکاٹ کی کال دہلی کی آل ڈسٹرکٹ کورٹس بار ایسوسی ایشن کی رابطہ کمیٹی نے جاری کی ہے۔ رابطہ کمیٹی نے تمام ضلعی عدالتوں میں انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے، ضلعی عدالتوں کے مالیاتی دائرہ کار کو وسعت دینے اور دیگر مطالبات کی حمایت میں بائیکاٹ کا مطالبہ کیا۔
رابطہ کمیٹی کے چیئرمین ڈی کے شرما اور سکریٹری وجے بشنوئی کے دستخط شدہ نوٹس میں دہلی کے تمام وکلاءاور بار ایسوسی ایشن کے ارکان سے عدالتی کام کے بائیکاٹ میں شامل ہونے کی اپیل کی گئی ہے۔ نوٹس میں کہا گیا کہ ضلعی عدالتیں بار ایسوسی ایشنز کے مطالبات پر غور کرنے میں ناکام رہی ہیں اور ان سے مشاورت کے بغیر فیصلے کر رہی ہیں، رابطہ کمیٹی عدالتی کام کا بائیکاٹ کرنے پر مجبور ہے۔ بار ایسوسی ایشنز وکلاءاور درخواست گزاروں کو درپیش مسائل کو بارہا اٹھا چکے ہیں لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
کمیٹی نے کہا کہ وکلاء انصاف کی فراہمی کے نظام میں رکاوٹ نہیں بن سکتے۔ وکلاءانصاف کی انتظامیہ کا ایک اہم ستون ہیں۔ اس لیے بار ایسوسی ایشنز کو کمزور کرنے کی کسی بھی کوشش کی بھرپور مخالفت کی جائے گی۔ وکلاءاور بار ایسوسی ایشنز کو نظر انداز کرنے سے فریقین کو بھی نقصان پہنچے گا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی