
علی گڑھ، 13 مئی (ہ س)۔ نیٹ داخلہ امتحان 2026 کا پرچہ لیک ہونے کے بعد امتحان منسوخ کیے جانے کے فیصلے سے ملک بھر کے لاکھوں طلبہ و طالبات میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ اسی مسئلے کو لے کر اتر پردیش کانگریس کمیٹی کی اپیل پر سینئر کانگریسی رہنما اور سابق رکن اسمبلی وویک بنسل کی قیادت میں علی گڑھ میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاج میں کانگریس ضلع صدر ٹھاکر سومویر سنگھ اور شہر صدر نوید خان سمیت بڑی تعداد میں کانگریس کارکنان شریک ہوئے۔ مظاہرین میرس روڈ سے جلوس کی شکل میں بی جے پی حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے سینٹر پوائنٹ چوراہے کی طرف روانہ ہوئے۔
سینٹر پوائنٹ چوراہے پر بھاری پولیس فورس نے مظاہرین کو روک لیا، جہاں کانگریس کارکنان نے شدید احتجاج اور حکومت مخالف نعرے بازی کی۔ اس دوران بی جے پی حکومت کا پتلا نذر آتش کرنے کی کوشش کی گئی۔
پولیس کی جانب سے پتلا چھیننے کی کوشش کے باوجود کانگریس کارکنان شدید مخالفت کے درمیان پتلا جلانے میں کامیاب ہو گئے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وویک بنسل نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے دور میں مسلسل مقابلہ جاتی اور داخلہ امتحانات کے پرچے لیک ہو رہے ہیں، جس سے نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2024 سے اب تک دو مرتبہ نیٹ (یو جی) امتحان کے پرچے لیک ہو چکے ہیں، جس سے لاکھوں طلبہ کی محنت، امیدیں اور مستقبل متاثر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ نے امتحان کی تیاری کے لیے دن رات سخت محنت کی، امتحانی مراکز تک پہنچنے کے لیے بسوں اور ٹرینوں میں مشکلات برداشت کیں اور ریلوے اسٹیشن، بس اسٹینڈ اور فٹ پاتھوں پر راتیں گزاریں، لیکن امتحان منسوخ ہونے سے طلبہ اور ان کے والدین کو شدید ذہنی صدمہ پہنچا ہے۔
وویک بنسل نے کہا کہ امتحانات منعقد کرانے والی ایجنسیوں کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے ہو رہے ہیں اور ان کی ساکھ مشکوک ہو گئی ہے۔ انہوں نے مرکزی وزیر تعلیم دھرمندر پردھان سے اخلاقی ذمہ داری لیتے ہوئے فوری استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مقابلہ جاتی امتحانات کے لیے مضبوط اور شفاف سیکورٹی نظام یقینی بنایا جائے اور پیپر لیک معاملے میں ملوث تمام ملزمان اور اصل سازش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
احتجاج میں گیا پرساد گرراج، کیلاش بالمیکی، ہیمنت شرما ٹوٹو، خالد مسعود، شیلو چندیل، گوپال مشرا، یوتھ کانگریس ضلع صدر سنجے یادو، آنند بگھیل، اجے بگھیل، اوم پرکاش سنگھ، انیل سنگھ چوہان، صلاح الدین واسی، راجیو مشرا، گھنیشیام داس کشیپ، بھوپیندر سنگھ، بجیندر بگھیل، رئیس غازی، لٹوری مل اگروال، عامل حسین، ظفر الدین گدی، محمد سلام قریشی، شاداب فضل، بھودیو پرساد، عامر منتظر، اجے دھنگر، سنجے ماتھر، کنور پال سنگھ، امجد حسین، شاہد خان، اروند شرما، تیج ویر بگھیل، برجُو جاٹو، محمد سلیم، سلمان، وسیم ملک، عمران رفیق، ساجد بیگ، ارپت یادو، کاشف، سریندر، محمد مجیب، محمد منصور، نبی احمد، حبیب ملک، صابر سمیت بڑی تعداد میں کانگریس کارکنان موجود رہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ