اے ایم یو کے شعبہ تاریخ میں تعزیتی نشست کا انعقاد
علی گڑھ، 13 مئی (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سینٹر آف ایڈوانسڈ اسٹڈی (سی اے ایس)، شعبہ تاریخ میں سابق اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر اوم پرکاش سریواستو کے انتقال پر ایک تعزیتی نشست منعقد کی گئی۔ ان کا انتقال گزشتہ 7 مئی کو ہوا تھا۔ تعزیتی نشست میں شعبہ ک
اے ایم یو کے شعبہ تاریخ میں تعزیتی نشست کا انعقاد


علی گڑھ، 13 مئی (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سینٹر آف ایڈوانسڈ اسٹڈی (سی اے ایس)، شعبہ تاریخ میں سابق اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر اوم پرکاش سریواستو کے انتقال پر ایک تعزیتی نشست منعقد کی گئی۔ ان کا انتقال گزشتہ 7 مئی کو ہوا تھا۔ تعزیتی نشست میں شعبہ کے اساتذہ، رفقائے کار اور طلبہ نے ڈاکٹر سریواستو کی علمی خدمات اور شعبہ کے لیے ان کی مخلصانہ خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

ڈاکٹر اوم پرکاش سریواستو 24 جولائی 1956 کو کانپور میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے دین دیال اپادھیائے گورکھپور یونیورسٹی سے بی اے اور ایم اے کی ڈگریاں حاصل کیں، جبکہ ایم فل اور پی ایچ ڈی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے مکمل کیں۔ انہوں نے 1985 میں شعبہ تاریخ کے آثارِ قدیمہ سیکشن میں سینئر ٹیکنیکل اسسٹنٹ (پوٹری) کے طور پر اپنی خدمات کا آغاز کیا۔ بعد ازاں 2015 سے جولائی 2021 میں اپنی سبکدوشی تک قدیم ہندوستانی تاریخ اور آثارِ قدیمہ کے اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دیں۔

اپنے علمی کریئر کے دوران ڈاکٹر سریواستو نے اٹلی، امریکہ، برطانیہ، جنوبی کوریا، تائیوان، انڈونیشیا، پرتگال، بنگلہ دیش، سری لنکا، اردن اور ایران سمیت مختلف ممالک میں منعقد ہونے والی قومی و بین الاقوامی کانفرنسوں اور سیمیناروں میں شرکت کی۔ صدر شعبہ پروفیسر حسن امام نے ڈاکٹر سریواستو کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک مخلص استاد، عمدہ محقق اور خوش اخلاق ساتھی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اس موقع پر اساتذہ نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔

پسماندگان میں اہلیہ محترمہ وندنا سریواستو اور دو بیٹے امت راہل اور روہت راہل شامل ہیں۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande