
علی گڑھ, 13 مئی (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے کالج آف نرسنگ میں بین الاقومی یوم نرسنگ جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ یہ دن فلورنس نائٹنگیل کے یوم پیدائش پر دنیا بھر میں نرسوں و طبی خدمات انجام دینے والے پیشہ ور افراد کی خدمات کے اعتراف کے طور پر منایا جاتا ہے۔
بی ایس سی نرسنگ کے دوسرے سمسٹر کی طالبہ مس اِذکا صدف نے نظامت کے فرائض انجام دیے اور بین الاقوامی یوم نرسنگ کے موضوع پر اظہارِ خیال کیا۔ طلبہ نے مختلف موضوعاتی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، جس سے مریضوں کی نگہداشت اور پیشہ ورانہ عمدگی کے تئیں ان کی وابستگی ظاہر ہوئی۔ پروگرام کے دوران ہونے والی گفتگو میں صحت عامہ کے نظام میں نرسنگ کی بڑھتی ہوئی اہمیت، مسلسل تعلیم، مہارتوں کے فروغ اور طبی عمل میں ہمدردانہ رویے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور جدید طبی نظام میں نرسوں کے بدلتے ہوئے اور اہم کردار کو اجاگر کیا گیا۔ پروگرام کا انعقاد پرنسپل پروفیسر فرح اعظمی کی رہنمائی اور ڈاکٹر وجے لکشمی کی نگرانی میں کیا گیا۔ آخر میں بی ایس سی نرسنگ، دوسرے سمسٹر کی طالبہ مس تمکین نے کلمات تشکر ادا کئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر وجے لکشمی ورما، ڈاکٹر سفینہ بیوی ایس ایس، ڈاکٹر اسحاق محمد، مسز پامیلا ایس جوزف، مسز جے این سونجا، مسز شیوانی مسیح، مسز دیپتی منج، مسز روبینہ، مسز مہوش، مسز ریشما، مسٹر مصباح معین اور مسٹر محمد فرقان موجود تھے۔ مسز شیوانی اے مسیح نے ہم نصابی کمیٹی کے انچارج کی حیثیت سے پروگرام کو مربوط کیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ