
گوہاٹی ، 13 مئی ( ہ س)۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ہیمنت بسوا سرما کی قیادت میں نئی حکومت کی پہلی کابینہ میٹنگ بدھ کو منعقدہوئی۔ اجلاس میں کئی اہم پالیسی ساز فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت نے آج باضابطہ طور پر عہدہ سنبھال لیا ہے اور جلد ہی وزراءکے قلمدانوں کا اعلان کر دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کابینہ نے 26 مئی کو ایوان میں یکساں سول کوڈ (یو سی سی) متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم قبائلی برادریوں اور تمام مذہبی روایات اور رسومات کو یو سی سی کے دائرہ کار سے باہر رکھا جائے گا۔ مجوزہ یو سی سی بنیادی طور پر شادی کے لیے کم از کم عمر، جائیداد کے حقوق ،لو ان ریلیشن شپ، اور تعدد ازدواج جیسے مسائل کا احاطہ کرے گا۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ آسام قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 21، 22، 25 اور 26 مئی کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا منشور نئی حکومت کے کاموں کی بنیاد بنائے گا۔
حکومت نے دو لاکھ سرکاری ملازمتیں پیدا کرنے کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے چیف سیکریٹری کی سربراہی میں ایک ٹاسک فورس بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف سیکرٹری تمام محکموں سے مشاورت کریں گے اور اگلے پانچ سالوں میں نوجوانوں کو سرکاری ملازمت فراہم کرنے کے روڈ میپ پر رپورٹ پیش کریں گے۔کابینہ نے گلوکار اور ثقافتی رہنما ڈاکٹر بھوپین ہزاریکا کے یوم پیدائش کی تقریبات کی اختتامی تقریب 8 ستمبر کو نئی دہلی میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔ مزید برآں، ڈاکٹر بھوپین ہزاریکا کے لیے وقف ایک میوزیم کالکشیتر میں قائم کیا جائے گا ، جس کی لاگت 32 کروڑ ہے، جس میں سے 13 کروڑ شمال مشرقی کونسل فراہم کرے گی۔
اس کے علاوہ ، دیوجیت لون سائکیا کو اگلے پانچ سالوں کے لیے ریاستی حکومت کا ایڈوکیٹ جنرل مقرر کیا گیا ہے۔حکومت نے کفایت شعاری کے کئی بڑے فیصلے بھی کیے ہیں۔ نئے وزراءکو آئندہ چھ ماہ تک نئی گاڑیاں فراہم نہیں کی جائیں گی۔ اس دوران وزراء، سرکاری افسران اور ملازمین کے بیرون ملک سفر پر پابندی ہوگی۔ بیرون ملک سفر کی اجازت صرف طبی وجوہات کی بنا پر ہوگی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ گورنر سے لے کر وزراءاور عہدیداروں کے قافلوں میں گاڑیوں کی تعداد کم کی جائے گی۔ مزید برآں ، سال 2025 کے مقابلے میں پٹرول اور ڈیزل پر حکومتی اخراجات کو کم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔غیر ملکی زرمبادلہ کو بچانے کے لیے ریاستی حکومت اگلے چھ ماہ تک غیر ملکی سامان نہیں خریدے گی۔ اس دوران تمام سیمینارز اور ورکشاپس کا انعقاد خصوصی طور پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan