
نئی دہلی، 13 مئی (ہ س)۔ خواتین اور بچوں کی ترقی کی مرکزی وزیر اناپورنا دیوی نے بدھ کو سری لنکا کی خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزیر سروجا ساویتری پالراج سے ملاقات کی۔ خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت کے کانفرنس روم میں منعقدہ اس میٹنگ میں سری لنکا کی خواتین ارکان پارلیمنٹ بھی موجود تھیں۔ سری لنکا کی خواتین ممبران پارلیمنٹ کا ہندوستان کا یہ دورہ وزیر اعظم نریندر مودی اور سری لنکا کے صدر انورا کمارا دسانائیکے کے درمیان گزشتہ سال دسمبر میں ہندوستان کے سرکاری دورے کے دوران ہونے والی بات چیت کے بعد ہوا ہے۔
وزارت کے ایک بیان کے مطابق، میٹنگ کے دوران، وفد کو خواتین کی قیادت میں ترقی کے لیے ہندوستان کے اہم اقدامات کے بارے میں بتایا گیا۔ مرکزی وزیر اناپورنا دیوی نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان خواتین کو صرف فلاحی اسکیموں کے غیر فعال استفادہ کنندگان کے طور پر نہیں دیکھتا ہے بلکہ قومی ترقی کی فعال قوتوں کے طور پر دیکھتا ہے۔ انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ہندوستان کی قانون سازی ادارہ جاتی وابستگی کو بھی اجاگر کیا۔
فریقین نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں پر وسیع تبادلہ خیال کیا اور دونوں وزارتوں کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
میٹنگ کا اختتام سری لنکا کے وفد کو یادگاری نشانات پیش کرنے اور ایک گروپ فوٹو کے ساتھ ہوا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی