عالمی یومِ نرسنگ کے موقع پر اے ایم یو میڈیکل کالج میں نرسوں کی خدمات کو سراہا گیا
علی گڑھ، 12 مئی (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و اسپتال (جے این ایم سی ایچ) میں عالمی یومِ نرسنگ کے موقع پر ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مریضوں کی نگہداشت اور صحت عامہ کے میدان میں نرسوں کی اہم خدمات کو خ
نرسنگ ڈے


علی گڑھ، 12 مئی (ہ س)۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و اسپتال (جے این ایم سی ایچ) میں عالمی یومِ نرسنگ کے موقع پر ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مریضوں کی نگہداشت اور صحت عامہ کے میدان میں نرسوں کی اہم خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ یہ پروگرام میڈیکل کالج کے شعبۂ نرسنگ کے زیرِ اہتمام منعقد ہوا، جس میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر نیر آصف، ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر نسرین نور، اسسٹنٹ نرسنگ سپرنٹنڈنٹ مس حما روحی سمیت نرسنگ عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں پروفیسر نیر آصف نے کہا کہ نرسیں صحت کے نظام کا ایک لازمی ستون ہیں، جو اپنی پیشہ ورانہ مہارت، خدمت کے جذبے اور ہمدردانہ رویے سے مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کرتی ہیں۔ پروفیسر نسرین نور نے نرسنگ عملے کی انتھک محنت اور طبی خدمات کے تئیں ان کی وابستگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نرسیں معاشرے کی حقیقی خدمتگار ہیں۔

مس حما روحی نے نرسنگ اسٹاف پر زور دیا کہ وہ خلوص، جذبۂ خدمت اور ٹیم ورک کے ساتھ مریضوں کی بہتر دیکھ بھال کا سلسلہ جاری رکھیں۔ اس موقع پر نرسنگ عملے نے بھی اپنے فرائض کو پوری ذمہ داری اور اعلیٰ معیار کے ساتھ انجام دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب کے دوران اے ایم یو نرسز ایسوسی ایشن کی جانب سے عوامی سہولت کے لئے ایک ہائی کیپیسٹی واٹر کولر بھی نصب کیا گیا، جو آر او-یو وی پیوریفکیشن سسٹم سے لیس ہے۔ یہ واٹر کولر مرحومہ نرسنگ آفیسر شمائلہ شمشاد کی یاد میں اسپتال کے انکوائری کاؤنٹر کے قریب نصب کیا گیا۔

اس سہولت کا افتتاح مرحومہ کے اہل خانہ نے کیا۔ نرسز ایسوسی ایشن کے اراکین نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد مرحومہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ مریضوں اور تیمارداروں کو موسمِ گرما میں صاف اور ٹھنڈا پانی فراہم کرنا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande