
نئی دہلی،12مئی (ہ س)۔
دہلی پردیس کانگریس کمیٹی کے دفتر میں شعبہ اقلیت کی ماہانہ میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں شعبہ کے چیئر مین عبدالواحد قریشی نے دہلی پردیس کے صدر دویندر یادو کے بطور صدر دو سال مکمل ہونے پر انھیں مبارک باد پیش کی۔
عبدالواحد قریشی نے شعبہ کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ہماری پوری ٹیم کانگریس پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے رات دن کام کررہی ہے اور اس دوران بڑی تعداد میں لوگ کانگریس سے بھی جڑے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ شعبہ سبھی اقلیتوں کے مسائل اٹھاتا ہے اور کبھی کسی کے ساتھ تفریق نہیں کی جاتی ہے، یہی کانگریس کی خوبصورتی ہے کہ وہ ہر طبقہ اور ہر مذہب کے لوگوں کے لیے آواز اٹھاتی ہے اور سبھی کے حقوق کے لیے لڑائی لڑتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ ہمارے لیڈر راہل گاندھی سڑک سے لیکر سنسد تک متوسط اور غریب طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کررہے ہیں اور انھوں نے کبھی بھی مفادات کے خاطر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ مشکل سے مشکل دور میں بھی حکومت کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر اسے للکارتے رہے،ان کی اس جدوجہد سے پارٹی کارکنان کو ہمت اور قوت ملتی ہے اور ان کے اندر بھی غربیوں کے لیے لڑنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔اس دوران انھوں نے دیویندر یادو کے کاموں کی بھی ستائش کی اور کہاکہ ان کی رہنمائی میں پارٹی مسلسل آگے بڑھ رہی ہے۔ دوسری جانب دویندر یادو نے بھی عبدالواحد قریشی کے کاموں کی ستائش کی اور اس پر اطمنان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سبھی لوگ اب انتخابات کی تیاریوں میں لگ جائیں اور پارٹی اسی کو ٹکٹ دے گی جو زمینی سطح پر کام کرے گا۔ انھوں نے کہاکہ عبدالواحد قریشی اقلیتی شعبہ کے کارکنان کی ایک رپورٹ پیش کریں گے تاکہ مضبوط اور قابل امیدواروں کا انتخاب کیا جاسکے۔ اس موقع پر پردیس جنرل سکریٹری انل بھاردواج،شبلی منظور،الطاف حسین سمیت بڑی تعداد میں اقلیتی شعبہ کے کارکنان نے شرکت کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais