
علی گڑھ، 12 مئی (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے محمد حبیب ہال میں انٹر ہاسٹل کرکٹ اور بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے بعد فاتح کھلاڑیوں اور ٹیموں کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی گئی، جس میں ٹرافیاں اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب ہال کے ریڈنگ روم میں منعقد ہوئی، جس میں شعبۂ کیمسٹری کے سبکدوش پروفیسر سہیل صابر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ڈاکٹر حیدر حسن جعفری اور ڈاکٹر ایس اسد علی مہمانانِ اعزازی کے طور پر موجود رہے۔
پرووسٹ پروفیسر محمد شمیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں طلبہ میں نظم و ضبط، قیادت، ٹیم ورک اور مثبت مسابقتی جذبے کو فروغ دیتی ہیں۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین اور کھلاڑیوں کی کاوشوں کو سراہا۔
ٹورنامنٹ میں مختلف ہاسٹلز کی ٹیموں نے حصہ لیا، جہاں کرکٹ اور بیڈمنٹن دونوں مقابلوں میں عمرالدین ہاسٹل نے شاندار کامیابی حاصل کی۔ کرکٹ میں حیدر خاں ہاسٹل رنر اپ رہا، جبکہ بیڈمنٹن میں چکرورتی ہاسٹل دوسرے مقام پر رہا۔ آخر میں کھلاڑیوں، امپائروں اور منتظمہ کمیٹی کے اراکین کو اعزازات سے نوازا گیا، جبکہ محمد آصف ادیب اور ڈاکٹر رئیس الاسلام کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ