
نئی دہلی، یکم مئی (ہ س)۔ مہاراشٹر ڈے کے موقع پر گھریلو شیئر بازار میں آج تعطیل ہے۔ اس تعطیل کی وجہ سے بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) میں آج کوئی کاروبار نہیں ہوگا۔ بامبے اسٹاک ایکسچینج اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج کی طرح ہی ملٹی کموڈٹی ایکسچینج (ایم سی ایکس) میں بھی مہاراشٹر ڈے کی تعطیل ہونے کی وجہ سے دن کے پہلے سیشن میں یعنی صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک کاروبار نہیں ہوگا۔ حالانکہ ایم سی ایکس میں شام پانچ بجے سے رات 11.30 اور 11.55 بجے تک دوسرے سیشن میں معمول کا کاروبار ہوگا۔
اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق مہاراشٹر ڈے کی تعطیل ہونے کی وجہ سے بی ایس ای میں ایکویٹی سیگمنٹ، ایکویٹی ڈیریویٹو سیگمنٹ، کرنسی ڈیریویٹوز سیگمنٹس، نیو ڈیٹ سیگمنٹ- رپورٹنگ، سیٹلمنٹ اینڈ ٹریڈنگ پلیٹ فارم (این ڈی ایس- آر ایس ٹی)، ٹرائی پارٹی ریپو، الیکٹرانک گولڈ ریسپٹس (ای جی آر)، کموڈٹی ڈیریویٹوز سیگمنٹ سبھی کے لیے ٹریڈنگ ہالیڈے رہے گا۔
اسی طرح این ایس ای میں بھی مہاراشٹر ڈے کی وجہ سے ایکویٹیز، ایکویٹی ڈیریویٹوز، کارپوریٹ بانڈز، نیو ڈیٹ سیگمنٹس، نیگوشی ایٹڈ ٹریڈ رپورٹنگ پلیٹ فارم، میوچل فنڈز، سیکیورٹی لینڈنگ اینڈ بارونگ اسکیمز، کرنسی ڈیریویٹوز، کموڈٹی ڈیریویٹوز اور انٹرسٹ ریٹ ڈیریویٹوز تمام سیگمنٹس میں تعطیل رہے گی۔ ان میں اس دن کوئی کاروبار نہیں ہوگا۔
شیئر بازار کے ہالیڈے کیلنڈر کے مطابق مئی کے مہینے میں آج کے بعد 28 مئی کو بھی تعطیل رہے گی۔ 28 مئی کو عید الاضحی کی وجہ سے شیئر بازار بند رہے گا۔ اس ہالیڈے کیلنڈر کے مطابق مئی کے بعد جون کے مہینے میں صرف ایک دن 26 جون کو مطابق 10محرم الحرام یعنی یوم عاشورہ کی وجہ سے شیئر بازار میں کاروبار نہیں ہوگا۔ اس کے بعد جولائی اور اگست میں شیئر بازار میں ہفتہ وار چھٹیوں کے علاوہ اور کوئی تعطیل نہیں ہوگی۔ ستمبر کے مہینے میں 14 تاریخ کو گنیش چترتھی کی تعطیل رہے گی۔
اس کے بعد اکتوبر کے مہینے میں 2 تاریخ کو مہاتما گاندھی جینتی کی وجہ سے شیئر بازار میں کوئی کاروبار نہیں ہوگا۔ اسی مہینے 20 تاریخ کو شیئر بازار میں دسہرہ کی تعطیل رہے گی، جبکہ 10 نومبر کو بلی پرتی پدا کی وجہ سے شیئر بازار میں تعطیل رہے گی۔ نومبر کے مہینے میں 24 تاریخ کو شری گرو نانک دیو گرو پرب کی تعطیل رہے گی۔ اسی طرح سال کے آخری مہینے دسمبر میں 25 تاریخ کو کرسمس کی تعطیل رہے گی۔
اس سال یوم آزادی یعنی 15 اگست ہفتہ کے دن ہونے والا ہے۔ اسی طرح دیوالی آٹھ نومبر کو اتوار کے دن ہوگی۔ ہفتہ اور اتوار ہونے کی وجہ سے ان دونوں دنوں کو شیئر بازار کے ہالیڈے کیلنڈر میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ دیوالی کے دن اتوار ہونے کے باوجود شیئر بازار میں مہورت ٹریڈنگ ہوگی۔ حالانکہ مہورت ٹریڈنگ کا وقت بعد میں اعلان کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن