کمرشیل ایل پی جی گیس سلنڈر مہنگا ہوا، دہلی میں 3,071.50 روپے کا ملے گا
نئی دہلی، یکم مئی (ہ س)۔ ملک کی سرکاری آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سی) نے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں زبردست اضافے کا اعلان کیا ہے۔ حالانکہ یہ اضافہ صرف کمرشیل سلنڈر یعنی 19 کلو گرام والے ایل پی جی سلنڈر میں ہی کیا گیا ہے۔ آج صبح سے کمرشیل سلنڈر ک
کمرشل گیس سلینڈر کی علامتی تصویر


نئی دہلی، یکم مئی (ہ س)۔ ملک کی سرکاری آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سی) نے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں زبردست اضافے کا اعلان کیا ہے۔ حالانکہ یہ اضافہ صرف کمرشیل سلنڈر یعنی 19 کلو گرام والے ایل پی جی سلنڈر میں ہی کیا گیا ہے۔ آج صبح سے کمرشیل سلنڈر کی قیمت میں تقریباً ایک ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ راحت کی بات یہ ہے کہ آج کے اس اضافے سے 14.2 کلو گرام والے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کو باہر رکھا گیا ہے۔ اب کمرشیل سلنڈر ملک کے دارالحکومت دہلی میں 993 روپے، ممبئی میں 993 روپے، چنئی میں 990.50 روپے اور کولکاتہ میں 994 روپے مہنگا ہو گیا ہے۔

سرکاری آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن (آئی او سی) کے مطابق، آج کمرشل سلنڈر کی قیمت میں کیے گئے اضافے کے بعد دہلی میں اب 19 کلو گرام کے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 2,078.50 روپے سے بڑھ کر 3,071.50 روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح کولکاتہ میں اس کی قیمت 2,208 روپے سے بڑھ کر اب 3,202 روپے ہو گئی ہے۔ وہیں ملک کے معاشی دارالحکومت ممبئی میں کمرشل سلنڈر 2,031 روپے کی جگہ 3,024 روپے میں ملے گا، جبکہ چنئی میں کمرشل سلنڈر کی قیمت 2,246.50 روپے سے بڑھا کر 3,237 روپے کر دی گئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ہوٹل، ریسٹورنٹ، ڈھابہ اور دیگر تجارتی اداروں میں استعمال ہونے والے کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمتیں گزشتہ پانچ مہینوں میں چھٹی بار بڑھی ہیں۔ اس سے پہلے یکم اپریل کو یہ 218 روپے تک مہنگا ہوا تھا۔ وہیں مارچ میں اس کی قیمت میں دو بار اضافہ کیا گیا۔ یکم مارچ کو اس کی قیمت 28 روپے تک بڑھی تھی، جبکہ 7 مارچ کو یہ 114.5 روپے مہنگا ہوا تھا۔ اسی طرح فروری میں اس کی قیمت میں 49 روپے اور جنوری میں 111 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا، جبکہ دسمبر 2025 میں 19 کلو گرام کے کمرشیل گیس سلنڈر کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی۔

راحت کی بات یہ ہے کہ گھر کی رسوئی میں استعمال ہونے والے 14.2 کلو گرام کے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں ایک بار پھر کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 7 مارچ 2026 کو 60 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ آئی او سی کے مطابق بغیر سبسڈی والے 14.2 کلو گرام کے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت فی الحال دہلی میں 913 روپے ہے۔ ممبئی میں اس کی قیمت 912.50 روپے، کولکاتا میں 939 روپے اور چنئی میں 928.50 روپے ہے۔

گھریلو ایل پی جی گیس سلنڈر کی کالا بازاری روکنے کے لیے آج سے ہی گیس سلنڈر کی ڈیلیوری ہینڈلنگ کے لیے 'آتھنٹیکیشن کوڈ سسٹم' کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ اب صارف کو سلنڈر کی ڈیلیوری تب ہی کی جائے گی، جب وہ اپنے رجسٹرڈ موبائل نمبر پر آئے او ٹی پی کو دکھائے گا۔ او ٹی پی دکھائے بغیر گیس سلنڈر کی ڈیلیوری نہیں دی جائے گی۔ کہا گیا ہے کہ اگر کسی صارف کا موبائل نمبر گیس ایجنسی کے پاس اپ ڈیٹ نہیں ہے، تو وہ گیس ڈیلیوری والی ایپ کے ذریعے ریئل ٹائم میں اپنا موبائل نمبر اپ ڈیٹ کر سکتا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande