حیدرآباد میں واٹر بورڈ کی کاروائی ،7 غیر قانونی موٹرز ضبط ،جرمانے کی وارننگ
حیدرآباد ، 8 اپریل (ہ س) ۔ حیدرآباد میں پانی کی غیر قانونی کھپت کے خلاف بڑی کارروائی کے دوران ایس آر نگر کی ایس آرٹی کالونی میں 7 غیر قانونی موٹرز ضبط کر لی گئیں ۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ ایسے اقدامات پانی کی منصفانہ تقسیم کو متاثر کرتے ہیں اور خل
حیدرآباد میں واٹر بورڈ کی کاروائی ،7 غیر قانونی موٹرز ضبط ،جرمانے کی وارننگ


حیدرآباد ، 8 اپریل (ہ س) ۔

حیدرآباد میں پانی کی غیر قانونی کھپت کے خلاف بڑی کارروائی کے دوران ایس آر نگر کی ایس آرٹی کالونی میں 7 غیر قانونی موٹرز ضبط کر لی گئیں ۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ ایسے اقدامات پانی کی منصفانہ تقسیم کو متاثر کرتے ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

یہ کارروائی حیدرآباد میٹروپولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کی ویجلنس ٹیموں نے او اینڈ ایم ڈویژن-6 کے تحت انجام دی، جس سے قبل مقامی رہائشیوں کی جانب سے پانی کے کم دباؤ کی متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں ۔ حکام کے مطابق، معائنہ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ بعض افراد نے پائپ لائنوں کے ساتھ براہِ راست موٹرز نصب کررکھی تھیں، جن کے ذریعے پانی غیر قانونی طور پرکھینچاجا رہا تھا، جس کے نتیجے میں دیگر گھروں کو پانی کی فراہمی متاثر ہو رہی تھی۔ محکمہ نے وضاحت کی کہ اس طرح کی غیر قانونی موٹرز نہ صرف پانی کے دباؤ کو کم کرتی ہیں بلکہ پورے علاقے میں پانی کی منصفانہ تقسیم کو بھی متاثر کرتی ہیں، جس سے عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ واٹر بورڈ نے سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے عمل میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور دوبارہ خلاف ورزی کرنے والوں پر 5000 روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ شہر بھر میں اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف خصوصی مہم بھی جاری ہے۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پائپ لائنوں پرغیر قانونی موٹرزکا استعمال نہ کریں اور اگر پانی کی فراہمی یا دباؤ میں کمی کا سامنا ہوتو متعلقہ حکام کو اطلاع دیں یا ہیلپ لائن نمبر 155313 پر رابطہ کریں۔

ایس آرنگرکی ایس آرٹی کالونی میں غیر قانونی موٹرز کے خلاف یہ کارروائی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ حکام شہر میں پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آئندہ بھی سخت اقدامات جاری رہیں گے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande