
کولکاتا، 08 اپریل (ہ س): انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بدھ کے روز کولکاتا میں واقع رئیل اسٹیٹ کمپنی مارلن گروپ اور اس کے پروموٹرز پر منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں چھاپہ مارا۔
حکام کے مطابق، کمپنی اور اس کے پروموٹرز سشیل موہتا اور ساکیت موہتا سے منسلک تقریباً سات مقامات پر منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون کے تحت تلاشی لی گئی۔ تاہم اس کارروائی کے حوالے سے کمپنی کی جانب سے کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق، کمپنی اور اس کے پروموٹرز کو مبینہ طور پر جعلی دستاویزات کے ذریعے ملکیت کی جعلی چین بنانے اور زمینوں پر قبضے کے الزامات کا سامنا ہے۔
ای ڈی کا الزام ہے کہ ملزمین نے مبینہ طور پر قبضہ شدہ اراضی کا تجارتی استحصال کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر رئیل اسٹیٹ پروجیکٹ شروع کئے۔ انہوں نے لوگوں کو جعلی دستاویزات کی بنیاد پر جائز مالک ظاہر کر کے اپنے منصوبوں میں بھاری رقوم کی سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ کیا۔
یہ کارروائی مغربی بنگال اسمبلی انتخابات سے پہلے ہوئی ہے، جو 23 اپریل اور 29 اپریل کو دو مرحلوں میں منعقد ہونے والے ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی