
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کشتواڑ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا
جموں، 08 اپریل (ہ س)۔ مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ضلع کشتواڑ کی ضلع ترقیاتی رابطہ و نگرانی کمیٹی (دیشا) اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے افسران کو ہدایت دی ہے کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں ضلع میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں اور عوامی فلاحی اسکیموں کا جائزہ لیا گیا۔
ڈاکٹر سنگھ نے محکموں کے درمیان بہتر تال میل اور سخت نگرانی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ منصوبوں کا معیار برقرار رکھا جائے اور انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے علاقائی رابطہ اور سیاحت کے فروغ کے لیے ایئر اسٹرپ کی ترقی اور سڑکوں کی تعمیر پر توجہ دینے کی ہدایت دی، جبکہ پی ایم جی ایس وائی کے تحت جاری کاموں میں بھی معیار کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ اجلاس میں شمشان گھاٹ شیڈز کی تعمیر، بجلی منصوبوں سے متاثرہ کاندنی کے رہائشیوں کی بازآبادکاری اور کالا زیرہ و زعفران جیسی مقامی مصنوعات کی بہتر مارکیٹنگ پر بھی غور کیا گیا۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے کھیلوں کے اقدامات کو فروغ دینے اور محکمہ بجلی کو اسمارٹ میٹرنگ نظام کو شفاف بنانے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر عوامی شکایات کے فوری ازالے اور سرکاری اسکیموں کے بارے میں بیداری بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ اجلاس میں راجیہ سبھا کے ایم پی سجاد احمد کچلو ،رکن اسمبلی کشتواڑ شگن پریہار اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر