
اندور، 08 اپریل (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے اندور ضلع میں راو میں واقع دہلی پبلک اسکول (ڈی پی ایس) کو بدھ کی صبح بم سے اڑانے کی دھمکی ملی ہے۔ صبح تقریباً ساڑھے آٹھ بجے اسکول انتظامیہ کو ای میل کے ذریعے یہ دھمکی دی گئی۔ اس کے بعد فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور بی ڈی ایس (بم ڈسپوزل اسکواڈ) موقع پر پہنچ گئے اور تلاشی شروع کر دی ہے۔ احتیاط کے طور پر پورے اسکول کے احاطے کو خالی کرا کر طلبہ کو محفوظ باہر نکال لیا گیا ہے۔ ٹیم نے اسکول کے ہر حصے کی باریک بینی سے جانچ کی، تاکہ کسی بھی مشکوک شے یا دھماکہ خیز مواد کا پتہ لگایا جا سکے۔ فی الحال احاطے میں گہری تلاشی جاری ہے اور پولیس ای میل بھیجنے والے کا پتہ لگا رہی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ ای میل میں ڈرون کے ذریعے اسکول کو اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی، جس سے انتظامیہ اور والدین میں دہشت پھیل گئی۔ پولیس کے مطابق، یہ دھمکی آمیز میل ’سیما‘ نام سے بھیجا گیا ہے۔ سائبر ٹیم ای میل آئی ڈی کی بنیاد پر تحقیقات کر رہی ہے اور یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ میل کہاں سے بھیجا گیا۔ اسکول انتظامیہ کی جانب سے آشا نائر نے اس سلسلے میں پولیس کو معلومات دی تھیں۔
ایڈیشنل ڈی سی پی راجیش ڈنڈوتیا نے بتایا کہ تلاشی کے دوران اب تک کوئی مشکوک چیز یا دھماکہ خیز مواد نہیں ملا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ میل محض افواہ معلوم ہو رہا ہے، تاہم پولیس معاملے کی گہرائی سے جانچ کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن