
بڑوانی، 08 اپریل (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے بڑوانی ضلع میں انجڑ تھانہ علاقہ کے گاوں موہی پورہ میں بدھ کی دوپہر کو زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اس دوران لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ فی الحال کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
قومی مرکز برائے زلزلہ پیما نے سوشل میڈیا ’ایکس‘ پر زلزلے کی معلومات شیئر کی ہیں۔ مرکز کے مطابق دوپہر 12 بج کر 48 منٹ 53 سیکنڈ پر یہ زلزلہ آیا۔ اس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.6 پیمائش کی گئی ہے اور اس کا مرکز مدھیہ پردیش کے اندور شہر سے 145 کلومیٹر دور جنوب-مغرب میں واقع بڑوانی ضلع میں 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔
موہی پورہ میں تقریباً دو منٹ تک لرزہ محسوس کیا گیا۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی گاوں والے خوفزدہ ہو کر اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔ گاوں والوں نے گھروں میں رکھے برتن، فرنیچر اور پنکھوں کو ہلتے ہوئے دیکھا۔
مقامی رہائشی لوکیندر سنگھ تومر نے بتایا کہ دوپہر جب وہ گھر پر سو رہے تھے، تبھی تیز جھٹکا لگا۔ اس کے بعد وہ فوراً باہر نکلے اور آس پاس کے لوگوں سے معلومات حاصل کیں، تب پتہ چلا کہ یہ زلزلے کے جھٹکے تھے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے۔
بڑوانی ضلع ہیڈ کوارٹر پر واقع اندرا ساگر پاور اسٹیشن کی زلزلہ رصد گاہ (آبزرویٹری) میں لگی سیسمومیٹر مشین میں بھی 12 بج کر 48 منٹ پر زلزلے کی شدت درج کی گئی ہے۔ زلزلہ مرکز کے آپریٹر حکم کمار نے بتایا کہ بدھ کی دوپہر کو بڑوانی ضلع کے انجڑ علاقے میں لرزش درج کی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن