
پونے، 8 اپریل (ہ س)۔
پونے میں ایک سماجی پروگرام کے دوران پولیس ڈپٹی کمشنر کرشیکیش راولے کے متنازع بیان نے بحث چھیڑ دی، جب انہوں نے غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ “بھائی کو بائی بنا دیں گے”، (بھائی کو ؑعورت بنا دیں گے) جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہو گئی۔یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب ڈی سی پی راولے شہر میں بڑھتی ہوئی جرائم کی سرگرمیوں، غیرقانونی دھندوں اور منشیات کے جال میں پھنسے نوجوانوں کے موضوع پر خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے یہ جملہ ادا کیا، جس سے موقع پر کچھ دیر کے لیے الجھن کی صورتحال پیدا ہو گئی۔ تاہم فوراً اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد خواتین کی توہین کرنا نہیں تھا بلکہ وہ صرف ان مجرم عناصر کی طرف اشارہ کر رہے تھے جنہیں عام طور پر “بھائی” کہا جاتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ خواتین کے بارے میں کوئی نامناسب بات کہنا ان کا مقصد نہیں تھا اور بیان کو غلط انداز میں نہ لیا جائے۔ اس موقع پر ڈی سی پی راولے نے یہ بھی کہا کہ منشیات کی لت میں مبتلا نوجوانوں کو بحالی مراکز میں داخل کر کے ان کی کونسلنگ کی جائے گی تاکہ انہیں دوبارہ معاشرے کا مفید فرد بنایا جا سکے۔ سیاسی و سماجی حلقوں میں اس بیان پر مختلف ردعمل سامنے آ رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد بحث میں اضافہ ہو گیا ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے