
ناسک، 8 اپریل (ہ س)۔
ناسک ضلع کی عدالت نے ڈھونگی بابا اشوک کھرات کو عصمت دری کے دوسرے مقدمے میں 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا ہے، جبکہ پولیس کی درخواست پر انہیں مزید کارروائی کے لیے کل دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ سرکاری وکیل شیلندر باگڑے کے مطابق ملزم کی اس مقدمے میں پولیس تحویل ختم ہونے کے بعد ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے عدالت میں پیشی عمل میں آئی، جہاں تفتیشی افسر کرن کمار سوریہ ونشی بھی موجود تھے۔ عدالتی حکم کے بعد ایس آئی ٹی ٹیم ملزم کو ناسک سینٹرل جیل منتقل کرے گی اور کل اسے تیسرے مقدمے میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔اشوک کھرات کو 17 مارچ کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب ناسک کے سرکارواڑا پولیس اسٹیشن میں ایک خاتون نے اس کے خلاف عصمت دری کی شکایت درج کرائی تھی۔ بعد ازاں اس کے خلاف مجموعی طور پر 8 عصمت دری اور 3 دھوکہ دہی کے مقدمات درج کیے گئے، جن کی تفتیش آئی پی ایس افسر تیجسونی ساتپوتے کی سربراہی میں قائم خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کر رہی ہے۔ حکام کے مطابق کیس کی سنگینی کے پیش نظر تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے