
بنگائیگاؤں (آسام)، 08 اپریل (ہ س)۔ ابھیاپوری کے گھلاگوڑی علاقے میں منگل کی دیر رات اچانک لگنے والی خوفناک آگ میں تینیالی بازار میں واقع کم از کم 14 تجارتی ادارے مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق، آگ رات ایک بجے کے قریب لگی اور تیزی سے آس پاس کی دکانوں کو اپنی زد میں لے لیا۔ صورتحال اس وقت بگڑ گئی جب ایک ہوٹل میں رکھے گئے دو ایل پی جی سلنڈر آگ کے دوران پھٹ گئے جس سے آگ تیزی سے پھیل گئی۔
آگ سے کل 14 ادارے بشمول ایک کریانہ کی دکان، ایک چائے کی دکان، ایک آن لائن کیفے، ایک کپڑوں اور جوتوں کی دکان، ایک سیلون، ایک ایسسریزکی دکان، ایک پوجا کے سامان کی دکان اور ایک زیراکس سینٹر مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ املاک کے نقصان کا تخمینہ تقریباً 80 سے 90 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔
اطلاع ملتے ہی ابھیا پوری فائر بریگیڈ جائے وقوعہ پر پہنچی اور کافی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ اگرچہ آگ لگنے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ ہونے سے لگی ہے۔ پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے تفصیلی تفتیش جاری ہے۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد