
فوج نے پولیس کے اہلکاروں کے لیے ایک خصوصی انسدادِ دہشت گردی تربیتی کیمپ منعقد کیا
جموں، 08 اپریل (ہ س)۔ بھارتی فوج نے جموں و کشمیر پولیس کے اہلکاروں کے لیے ایک خصوصی انسدادِ دہشت گردی تربیتی پروگرام شروع کیا ہے، جس میں جدید آلات، ڈرون اور اینٹی ڈرون نظام پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ آپریشنل تیاری کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ سرکاری حکام کے مطابق فوج کی ٹائیگر ڈویژن نے میران صاحب بریگیڈ میں 108 پولیس اہلکاروں کے لیے 12 روزہ ریفریشر کورس کا آغاز کیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد یو ٹی میں باہمی تال میل اور حکمت عملی کی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔
یہاں منعقدہ افتتاحی تقریب میں آنند جین سمیت فوج اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ یہ تربیتی کورس 7 اپریل سے 18 اپریل تک جاری رہے گا اور اسے بھارتی فوج اور جموں و کشمیر پولیس کی مشترکہ قیادت نے ترتیب دیا ہے۔ حکام کے مطابق اس کورس میں جدید آلات کے استعمال، ڈرون اور کاؤنٹر ڈرون سسٹمز سمیت مختلف آپریشنل پہلوؤں پر تربیت دی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جونیئر لیڈرشپ کی صلاحیتوں کو بھی فروغ دینے پر زور دیا جا رہا ہے، جو انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کٹھوعہ، ڈوڈہ-بسنت گڑھ، کشتواڑ اور راجوری جیسے علاقوں میں ماضی کی مشترکہ کارروائیوں نے فورسز کے درمیان بہتر تال میل، معلومات کے تبادلے اور باہمی اعتماد کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ تربیتی پروگرام سیکورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے فورسز کے درمیان ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنائے گا اور جموں و کشمیر میں امن و استحکام برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر