
پولیس تصادم : 25 ہزار روپے کا انعامی گائے کا اسمگلر زخمی
نوئیڈا، 08 اپریل (ہ س)۔ اترپردیش کے نوئیڈا میں تھانہ ربو پورہ پولیس نے آج علی الصبح تصادم کے دوران 25 ہزار روپے کے انعامی گئو اسمگلر کو گرفتار کر لیا، جو پولیس کی گولی پیر میں لگنے سے زخمی ہو گیا۔ زخمی کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس زون سوم ڈاکٹر پروین رنجن سنگھ نے بتایا کہ تھانہ ربو پورہ پولیس آج علی الصبح کارگو ٹی پوائنٹ کے پاس چیکنگ کر رہی تھی۔ تبھی موٹر سائیکل پر سوار ایک شخص آتا ہوا نظر آیا۔ شک ہونے پر پولیس نے اسے رکنے کا اشارہ کیا۔ وہ رکنے کے بجائے موٹر سائیکل موڑ کر بھاگنے لگا۔ پولیس نے اس کا پیچھا کر کے اس کا محاصرہ کر لیا۔ اپنے آپ کو پولیس سے گھرا ہوا دیکھ کر بدمعاش نے پولیس پارٹی پر جان سے مارنے کی نیت سے فائرنگ کر دی۔
پولیس نے بھی جوابی کارروائی میں گولی چلائی۔ پولیس کی فائرنگ میں گولی سنجو ولد رکا عرف لکا، ساکن شیخ پورہ تھانہ چاند ہٹ ضلع پلول ہریانہ (عمر 32 سال) کے پیر میں لگنے سے وہ زخمی ہو گیا۔ زخمی کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس کے قبضے سے پولیس نے ایک دیسی طمنچہ، کارتوس اور بغیر نمبر پلیٹ کی موٹر سائیکل برآمد کی ہے۔
پوچھ گچھ کے دوران پولیس کو پتہ چلا کہ ملزم گئو کشی کا جرم کرتا ہے۔ اس کے خلاف تھانہ ربو پورہ میں پہلے سے مقدمہ درج ہے۔ اس کی گرفتاری پر تھانہ ربو پورہ پولیس کی جانب سے 25,000 روپے کا انعام مقرر تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے خلاف یو پی اور ہریانہ کے مختلف تھانوں میں آدھا درجن مقدمات پہلے سے درج ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن