
نئی دہلی، 8 اپریل (ہ س) آسام کے وزیر اعلی ڈاکٹر ہمنتا بسوا سرما کے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کے خلاف مبینہ جارحانہ تبصرے نے ایک سیاسی تنازعہ کو جنم دیدیا ہے۔ کانگریس پارٹی نے اس بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے دلت مخالف ذہنیت قرار دیا ہے۔
کانگریس جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آسام کے وزیر اعلیٰ نے کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے کے خلاف نازیبا اور توہین آمیز زبان استعمال کی ہے، جو پوری طرح سے شرمناک اور ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھڑگے ملک کے سب سے سینئر لیڈروں میں سے ایک ہیں اور دلتوں اور پسماندہ لوگوں کے مضبوط نمائندہ ہیں۔
پرینکا گاندھی نے مزید کہا کہ ایک سینئر دلت لیڈر کی اس طرح توہین کرنا صرف ایک شخص کی نہیں بلکہ ملک بھر کے لاکھوں پسماندہ اور دلت برادریوں کی توہین ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے سوال کیا کہ کیا وہ اس طرح کی زبان اور رویے سے متفق ہیں؟
لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے بھی اس معاملے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آسام کے وزیراعلیٰ نے ملکارجن کھڑگے کے خلاف جو زبان استعمال کی وہ غیر مہذب، قابل مذمت اور گھٹیا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ کھڑگے ایک سینئر اور مقبول دلت لیڈر ہیں جن کا تجربہ اور شراکت بے مثال ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی