
علی گڑھ، 07 اپریل (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لال نہرو میڈیکل کالج کے شعبہ پیتھالوجی کے زیر اہتمام نئے داخل شدہ پوسٹ گریجویٹ طلبہ کو تعلیمی تقاضوں، شعبہ جاتی نظامِ کار اور تربیتی ماڈیولز سے روشناس کرانے کے لیے ایک جامع اورینٹیشن پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ شرکاء کا استقبال کرتے ہوئے شعبہ پیتھالوجی کی چیئرپرسن پروفیسر نشاط افروز نے شعبہ کا تعارف پیش کیا اور تعلیمی ڈھانچے اور توقعات کی وضاحت کی۔ سینئر اساتذہ کی جانب سے مختلف سیشنز میں ذیلی تخصصات پر روشنی ڈالی گئی۔ پروفیسر وینا مہیشوری نے شعبہ کی تاریخ اور ہسٹوپیتھالوجی پر اظہارِ خیال کیا، جبکہ پروفیسر روبینہ خان اور ڈاکٹر شگفتہ قادری نے سائٹوپیتھالوجی پر گفتگو کی۔
ڈاکٹر رقیہ افروز اور ڈاکٹر سہیل الرحمن نے ہیماٹولوجی اور مرکزی لیبارٹری خدمات کی وضاحت کی، جبکہ پروفیسر حنا انصاری نے کیمیکل پیتھالوجی کا تعارف پیش کیا۔ ڈاکٹر مراد احمد نے مریضوں کی دیکھ بھال میں بلڈ بینکنگ کی اہمیت کو اجاگر کیا، جبکہ ڈاکٹر بشریٰ صدیقی نے مؤثر پاورپوائنٹ پریزنٹیشنز پر ایک سیشن لیا۔ پروفیسر کفیل اختر نے درست حوالہ نویسی اور تحقیق کے طریقہ کار پر زور دیا۔ پوسٹ گریجویٹ طلبہ کی تعلیمی ذمہ داریوں، بشمول انڈرگریجویٹ تدریس میں ان کے کردار، پر پروفیسر محبوب حسن اورڈاکٹر محمد رفیع نے تفصیلی گفتگو کی۔ پی جی لاگ بک اور اس کی تعلیمی اہمیت کی وضاحت پروفیسر نشاط افروز، ڈاکٹر بشریٰ صدیقی اور ڈاکٹر رقیہ افروز نے کی۔ پروگرام کا اختتام فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر محمد خالد کے ہاتھوں پی جی لاگ بک کے اجرا کے ساتھ ہوا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ