
اے ایم یو میں یو پی–یو کے ایپی کون 2026 کا اختتام
علی گڑھ, 06 اپریل (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لال نہرو میڈیکل کالج کے شعبہ فارماکولوجی اور فزیالوجی کے زیر اہتمام ایسوسی ایشن آف فزیالوجسٹز اینڈ فارماکولوجسٹز آف انڈیا کے یو پی اور یو کے چیپٹر کی 13ویں سالانہ کانفرنس کا اختتام مہمانِ خصوصی پرو وائس چانسلر پروفیسر ایم محسن خان کی صدارت میں ہوا۔
اس موقع پر مہمانِ اعزازی کے طور پر شعبہ انگریزی کی پروفیسر وبھا شرما بھی موجود تھیں۔ اس کے علاوہ یو پی–یو کے اے پی پی آئی کے جوائنٹ سکریٹری ڈاکٹر سمیت گرگ سمیت بڑی تعداد میں اساتذہ، مقررین اور مندوبین نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں پروفیسر ایم محسن خان نے کانفرنس کے کامیاب اور منظم انعقاد پر منتظمین کی ستائش کی اور بہتر طبی نتائج کے لیے بنیادی اور کلینیکل علوم کے درمیان ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
پروفیسر وبھا شرما نے منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نوجوان محققین کو جدت طراز اور بین شعبہ جاتی تحقیق میں فعال شرکت کی ترغیب دی۔
اس سے قبل تنظیمی سکریٹری پروفیسر سید ضیاء الرحمٰن نے کانفرنس کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس کانفرنس میں لیکچرز، سیمینارز اور متعدد زبانی و پوسٹر پیشکشیں شامل تھیں۔
کانفرنس میں ملک بھر سے 300 سے زائد مندوبین نے شرکت کی، جن میں 38 مدعو مقررین شامل تھے۔ تقریباً 140 زبانی پیشکشیں اور 70 پوسٹر پیش کیے گئے۔
نمایاں زبانی اور پوسٹر پیش کرنے والوں کو انعامات دیے گئے، جبکہ شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔
پروگرام کا اختتام جوائنٹ آرگنائزنگ سکریٹری ڈاکٹر تنوج ماتھر کے اظہارِ تشکر کے ساتھ ہوا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ